• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’عمران خان کو یقین نہیں کہ وہ مدت پوری کرسکیں گے‘

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر سول آمریت ہے،عمران خان کو خود یقین نہیں کہ وہ مدت پوری کرسکیں گے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں سعد رفیق نے کہا کہ پہلی بار ایسی حکومت دیکھی ہے جو 100 دن مکمل ہونے پر مڈٹرم الیکشن کا کہہ رہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ جب بھی عوام کا فیصلہ نہیں مانا جائےگا تو پھر اس طرح کے ٹوٹ بٹوٹ حکمران آئیں گے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے جو کچھ بھی کہا اس پر یوٹرن لیا،’یوٹرن‘ ان کا برینڈ بن چکا ہے،وزیراعظم کے کشکول میں سعودی عرب کے سوا کسی نے سکہ تک نہیں ڈالا۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم کہتے ہیں مجھے ٹی وی دیکھ کر روپےکی قیمت گرنے کا پتاچلا، اسٹاک مارکیٹ روزکریش کرتی ہے کوئی سنبھالنےوالا نہیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے ہمارے خلاف ثبوت ڈھونڈے جارہے ہیں، قیصر امین بٹ سے مرضی کا بیان لیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ قیصر امین بٹ پر جسمانی اور ذہنی تشدد کرکے نیب اہلکاروں کی جھرمٹ میں نام نہاد آزادانہ بیان لیا گیا،ان کے اب تک 3 بیانات آچکے ہیں جو ایک دوسرے سے نہیں ملتے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہائی کورٹ کے رولز کی دھجیاں اڑا کر بیان قلم بند کیا گیا۔

تازہ ترین