• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

20ارکان پارلیمنٹ کا چیف جسٹس پاکستان کو خط،فہد ملک قتل کیس میں انصاف کا مطالبہ

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) 20کثیر جماعتی برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ برٹش پاکستانی بیرسٹر فہد ملک قتل کیس میں انصاف فراہم کیا جائے۔ لیبر، کنزرویٹیو اور لبرل ڈیموکریٹس سے تعلق رکھنے والے 20 ارکان پارلیمنٹ کے دستخطوں سے یہ خط سپریم کورٹ آف پاکستان کے انسانی حقوق سیل کو بھیجا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ خط مانچسٹر سے لیبر رکن پارلیمنٹ افضل خان ایم پی نے ڈرافٹ کیا تھا، جس کی دیگر پارٹیوں بشمول ہائوس آف لارڈز کے آزاد رکن لارڈ نذیر احمد نے حمایت کی۔ طاقت ور خط کی ایک کاپی وزیراعظم عمران خان اور وزیر قانون فروغ نسیم کو بھی بھیجی گئی ہے۔ برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے یہ خط مقتول کے بھائی جاوید ملک سے ملاقات کے بعد جاری کیا ہے جو کہ ایک برٹش پاکستانی ہیں۔ جاوید ملک نے اپنے بھائی کے قتل کے کیس میں پارلیمنٹ میں ایم پیز سے کئی ملاقاتیں کی تھیں۔ خط پر بیرونس سعیدہ وارثی، جیک بریمرٹن ایم پی، لارڈ قربان حسین، جولی کوپر ایم پی، جوڈتھ کمنز ایم پی، لارڈ نذیر احمد، گل فرنس ایم پی، ایلکس نورس ایم پی، ڈیبی ابراہام ایم پی، خالد محمود ایم پی، ورنن کوکر ایم پی، فیصل راشد ایم پی، سٹیفن ٹمز ایم پی، ناز شاہ ایم پی، پازل شیرف ایم پی، لیام بیرن ایم پی، جان گروگن ایم پی، ٹونی لائیڈ ایم پی، محمد یاسین ایم پی اور افضل خان ایم پی نے دستخط کئے ہیں۔ خط میں چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی گئی ہے کہ ہم برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے آپ کو یہ خط بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کے سلسلے میں لکھا ہے۔ مقتول ایک برطانوی شہری تھے جو کہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران دارالحکومت اسلام آباد کے عین قلب میں ظالمانہ طور پر قتل کر دیئے گئےتھے۔ طاقت ور گینگسٹر کے ہاتھوں اس قتل کی ایف آئی آر 2016/239 شالامار پولیس سٹیشن، ایف 10اسلام آباد میں درج ہے۔
تازہ ترین