• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کے مغوی نیوروسرجن کو تاحال بازیاب نہ کرایا جا سکا

بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں اغواء ہونے والے نیوروسرجن ڈاکٹرابراہیم خلیل کو تاحال بازیاب نہ کرایا جا سکاہے۔

نیوروسرجن ابراہیم خلیل کو 13دسمبر کو کوئٹہ کے علاقے شہباز ٹاؤن کے قریب سے اغوا کیا گیا تھا۔

ادھر ڈاکٹرابراہیم خلیل کی بازیابی کے لیے کوئٹہ کے ڈاکٹرز کی تنظیموں نے آج کی ڈیڈلائن دی ہے۔

نیورو سرجن کے اغواء پر پی ایم اے سمیت ڈاکٹروں کی مختلف تنظیموں کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سول اسپتال کوئٹہ کے نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل کو شہبازٹاؤن سے 4روز قبل نامعلوم ملزمان نے اغوا کرلیاتھا۔

پولیس کے مطابق سول اسپتال کے نیورو سرجن ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل جمعرات کو نجی اسپتال سے واپس اپنے گھر شہاز ٹاؤن جا رہے تھے، ان کی گاڑی گھر قریب سے مل گئی ہے جس کے شیشے ٹوٹے ہوئے تھے جبکہ ڈاکٹر سے موبائل فون پر رابطہ بھی نہیں ہوسکا ۔

ڈی آئی جی کوئٹہ کا واقعے کے متعلق کہنا تھا کہ ڈاکٹر ابراہیم کو اغوا کیے جانے کا خدشہ ضرور ہے تاہم حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کی ناکہ بندی کر دی ہے۔

اپنے بیان میں صوبائی وزیر داخلہ میر سلیم کھوسہ نےسرجن کے اغواء کی شدید مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی بازیابی کے لیے پولیس اور لیویز کو ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، سرجن کو جلد بحفاظت بازیاب کرایا جائے گا اور اغواء کار قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور بولان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے اغوا کی بھرپور مذمت کی ہے۔

پی ایم اے نے واقعے کے خلاف ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا جبکہ بولان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن نے صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز کےبائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

تازہ ترین