پاک بحریہ کے زیر اہتمام میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے گوادر اور اورماڑہ میں واقع پاکستان نیوی کی ساحلی تنصیبات کا دورہ کیا۔اس دورے میں شرکاءکو پاک بحریہ کے کردار اور سی پیک کے تناظر میں درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی گئی۔
ورکشاپ کے شرکاءنے گوادر پورٹ کا دورہ بھی کیا ۔جہاں انھیں ٹاسک فورس 88کے کردار اور ذمہ داریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
ٹاسک فورس 88پاک بحریہ کے زیر اہتمام علاقے میں سیکیورٹی اور امن و امان کے نفاذمیں ایک موثر اقدام ہے۔شرکاءکو گوادر پورٹ کی تعمیر کے جاری اور مستقبل کے پراجیکٹس اور منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا۔
بعد ازیں ورکشاپ کے شرکاءنے کیڈٹ کالج اورماڑہ اور پاکستان نیوی کے ہسپتال پی این ایس درمان جاہ کا بھی دورہ کیا۔ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں صحت اور تعلیم کی جدید طرز کی سہولیات کو دیکھ کر شرکاءنے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔