پشاور(خصوصی نامہ نگار) پشاور نے صوابی کو تین ایک سے ہراکر اسامہ طاہر شہید میموریل انٹر ڈویژنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کا خواتین ٹیم ایونٹ ٹائٹل جیت لیاجبکہ پشاور اور ابصار ویلفیئر فائونڈیشن نے مرد سنگلز اور ڈبلز کیٹگریز کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، مردوں کا فائنل آج کھیلا جائے گا۔ خواتین ٹیم ایونٹ فائنل کے پہلے میچ میں پشاور کی اقراء نے صوابی کی سارہ کو تین صفر، نمرہ نے حیا ء کو تین صفر، صوابی کی حلیمہ نے حبا کو تین ایک اور پشاو ر کی اقراء نے حیا کو تین صفر سے ہرایا۔ مرد ٹیم ایونٹ سیمی فائنل میں پشاور نے کرک کو تین صفر سے ہرایا، پہلے میچ میں پشاور کے امم خواجہ نے کرک کے عبداللہ کو تین صفر، شایان نے الطاف کو تین صفر اور حسیب نے حمزہ کو تین صفر سے ہراکر فائنل میں جگہ بنالی، دوسرے سیمی فائنل میں ابصار فائونڈیشن نے سوات کو تین دو سے ہرایا، پہلے میچ میں ارباز نے مشال کو تین ایک، ابصار نے عمر کو تین ایک، سوات کے شاہ خان نے شرجیل کو تین دو، اویس نے شاہ خان کو تین ایک اور شرجیل نے مشال کو تین صفر سے شکست دی۔سنگلز پہلے سیمی فائنل میں زین نے حماد کو تین دو جبکہ توقیر نے عبدالواسع کو تین ایک سے ہرایا، وہیل چیئر کیٹگری میں الطاف نے اکمل کو تین صفر سے شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر نیشنل بک فائونڈیشن مراد علی مہمندمہمان خصوصی تھے،صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کفایت اﷲ ، ابصار ویلفیئر فائونڈ یشن کے سی ای او ابصار علی بھی موجود تھے ۔