اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نیب ابھی تک اسحاق ڈار کو واپس نہیں لاسکا، معلوم نہیں اسحاق ڈار کب تک وہاں بیٹھے رہیں گے۔
سپریم کورٹ میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار ابھی تک واپس نہیں آئے؟
نیب کے وکیل جہانزیب بھروانہنے عدلات کو بتایا کہ اسحاق ڈار کی واپسی کے ایکسٹرا ڈیشن کا عمل شروع ہے، ان کی جائیداد ضبط کرلی گئی ہے۔
اس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ اسحاق ڈار کی جائیداد ضبط کرنے کے معاملے کو 2 ماہ گزرچکے ہیں،بظاہر لگتا ہے خط وکتابت ہورہی ہے۔
جہانزیب بھروانہ نے کہا کہ برطانیہ کی حکومت کے خط کا جواب دے دیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اسحاق ڈار کی واپسی سے متعلق کوئی پیشرفت نہیں ہوئی،کیا پی ٹی وی کیس میں اسحاق ڈار،پرویزرشید اورعطاءالحق قاسمی سےریکوری ہوئی؟
پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے جواب میں کہا کہ ریکوری کی مدت2 ماہ ہوتی ہے،یہ مدت ابھی تک ختم نہیں ہوئی۔
چیف جسٹس نے اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کرتے ہوئے کہا کہمعلوم نہیں اسحاق ڈار کب تک وہاں بیٹھے رہیں گے۔