کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہاہے کہ ہم اٹھارویں ترمیم کے خلاف نہیں ہیں‘ اٹھارویں ترمیم میں مزیدبہتری لانی پڑی تولائیں گے ‘ پہلی بار کراچی کے لئے بڑا پیکج جلد آرہا ہے،کراچی کے لیے ٹرانسپورٹ کا پروجیکٹ شروع کرنے والے ہیں،پی ٹی آئی کراچی کے عوام کو بے شمار تحفے دے گی‘ساہیوال کا واقعہ افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی فہیم خان کی رہائش گاہ پرکراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسد قیصر نے کہاکہ موجودہ اسمبلی ریکارڈ تعداد میں قوانین بنائے گی‘حزب اختلاف کی جماعتوں نے انہیں اس حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے‘ان کا کہناتھاکہ کراچی میں پانی اور سیوریج کے مسائل حل کرنا پہلی ترجیح ہے، کراچی کو روشنی کا شہراور امن کا گہوارہ بنائینگے’ اسپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ ہم اٹھارویں ترمیم کے حق میں ہیں ‘وفاق صوبوں کو درپیش مسائل کے حل اور صوبوں کومکمل با اختیار بنانے میں سنجیدہ ہے۔قانون سازی کیلئے پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر کردار ادا کرنا ہو گا‘کسی سیاسی جماعت کو حق نہی کہ پارلیمانی اہداف کراس کرے۔