کراچی کی بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری، فریال تالپور اور 11 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 6 فروری تک توسیع دے دی۔
میگامنی لانڈرنگ کیس کی سماعت اب 14 فروری کو ہوگی۔
کراچی کی بینکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور و دیگر ملزمان پیش ہوئے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ تفتیشی افسر موجود ہے نہ ایف آئی اے کا ریکارڈ موجود ہے،کیس کیسے چلائیں؟
فاضل جج نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ عدالت کیس سننے کو تیار ہے، مگر فائل موجود نہیں البتہ عبوری چالان موجود ہے اور عدالت اسی کی بنیاد پر ضمانت کی درخواست سن سکتی ہے۔
عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل سے مکالمے کے دوران کہا کہ فائل ہے تو درخواست ضمانت پر دلائل دے دیں۔
انور مجید کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایف آئی اے اب حتمی چالان پیش کرے تاکہ عدالت میں سماعت کی جائے۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر ممتاز الحسن نے اس پر مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم میں صرف معاملہ نیب کو بھیجنے کا کہا گیا ہے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ تھوڑا انتظار کرلیں اور ریکارڈ آنے دیں، آپ کو پورا موقع دیں گے۔
عدالت نے آصف علی زرداری، فریال تالپور، انور مجید اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 6 فروری تک توسیع کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 14 فروری تک کے لیے ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ آج آصف زرداری،فریال تالپور اور دیگر ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کا آخری روز تھا۔
آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی آمد سے قبل ہی پیپلزپارٹی کے کارکنان کے بینکنگ کورٹ پہنچنے کا سلسل شروع ہوگیا تھا جنہوں نے اپنے رہنماؤں کی عدالت آمد کے موقع پر ان کے حق میں نعرے لگائے۔
اس موقع پر بینکنگ کورٹ کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔