سکھر (بیورو رپورٹ) شہر کے وسط میں واقع خورشید بیگم میموریل پارک تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے، سہولیات کے فقدان اور گند و کچرے کے ڈھیر جمع رہنے کے باعث پارک کچرا کنڈی میں تبدیل ہورہا ہے، نشے کے عادی افراد نے پارک کو اپنی آماجگاہ بنالیا ہے۔ خورشید بیگم میموریل پارک شہر کے وسط مینارہ روڈ کے نزدیک گھنٹہ گھر کی چاڑی پر واقع ہے مگر یہ پارک بھی میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی لاپروا ئی کے سبب تباہ حال ہوچکا ہے۔ پارک میں لوگوں کے بیٹھنے کے لئے بینچیں تک موجود نہیں اور پارک کی گھاس بھی مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے، پارک میں روشنی کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے اور مذکورہ پارک کو نشے کے عادی افرا دنے اپنی آماجگاہ بنارکھا ہے۔ خورشید بیگم میموریل پارک کے علاوہ ضلع سکھر کے مختلف علاقوں پرانا سکھر، نیوپنڈ، میانی روڈ، ریجنٹ پھاٹک، گھنٹہ گھر کی چاڑی، سٹی پوائنٹ، پاک کالونی سمیت دیگر میں قائم تفریحی پارکس میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث زبوں حالی کا شکار ہوچکے ہیں، جس کے باعث شہری بالخصوص خواتین و بچے تفریح کی سہولیات سے محروم ہیں۔