سردیوں میں گرم لباس سے خود کو ڈھانپنا یا ہیٹر کے سامنے بیٹھنا کافی نہیں ہوتا بلکہ جسم گرم رکھنے کے لئے مخصوص غذا کا استعمال بھی ضروری ہوتا ہے۔
موسم سرما میں مخصوص کھانے اورمشروبات غذا میں شامل کرنے سے جسم میں گرمائش پیدا کی جا سکتی ہے جو بیرونی ٹھنڈ کو جسم پر اثر انداز ہونے سے بچا تی ہے۔ایسی غذائیں ان لوگوں کے لئے بہت مفید ثابت ہوتی ہیں جوکم درجہ حرارت کے جلد زیر اثر آجاتے ہیں۔
سردیوں میں جسم کو قدرتی طور پر گرم رکھنے کے لئے مندرجہ ذیل غذائی تجاویز پیش کی جاتی ہیں:
ڈرائی فروٹس:
ٹھنڈ سے بچنے اور جسم کو گرم رکھنے کی سب سےبڑی مثال انجیر اور دوسری کھجور ہے۔ ان دونوں کی گرم تاثیر جسم پر ٹھنڈ کا اثر ہونے سے بچاتی ہے۔دونوں ہی آئرن اور کیلشیم سے بھرپور ہوتی ہیں۔جسم کی توانائی میں اضافہ کرتی ہیں۔
اس کے علاوہ مو نگ پھلی، میوہ، پستہ، بادام، کاجو، اخروٹ اور چلغوزے وغیرہ بھی سردیوں کی خاص سوغات مانے جاتے ہیں۔ بادام اور اخروٹ کو خاص طور پر پسند کیا جاتا ہے ‘ اس لئے کہ وہ کولیسٹرول گھٹانے میں مدد دیتے ہیں ۔
ڈرائی فروٹس میں کیلوریز ،فیٹس اور نمک کی مقدار زیادہ ہوتی ہے لہٰذا یہ دن میں ایک مٹھی سے زیادہ نہیں کھانے چاہئیں۔
گھی کا استعمال:
ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں روزانہ ایک چمچ گھی کو اپنی خوراک کا حصہ ضرور بنائیں۔ محض ایک چمچ روزانہ استعمال کرنے سے درج ذیل تمام فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔
پکانے کے لئے استعمال ہونے والے عام تیل میں بلند درجہ حرارت پر فری ریڈیکل پیداہوجاتے ہیں جو متعدد بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔ اس کے برعکس دیسی گھی میں مستحکم سیچوریٹڈ بانڈ پر مشتمل چکنائی ہوتی ہے جس کی وجہ سے فری ریڈیکل بہت کم بنتے ہیں، لہٰذا بیماریوں کا بھی کوئی خدشہ نہیں۔
اس میں شامل ان سیچوریٹڈ چکنائی جسم کو گرم رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
جڑ والی سبزیوں کا استعمال:
سردیوں میں پائی جانے والی سبزیاں بھی ٹھنڈ سے بچاتی ہیں ۔ سردیوں میں جڑ والی سبزیاں استعمال کرنا مفید ہے۔ان میں گاجر،مولی، آلو، پیاز اور لہسن کا استعمال بہترین ہے۔
سردیوں کے موسم میں پائے جانے والی سبزیوں اور پھلوں میںمٹر،گاجر،گوبھی،مولی،شکر قندی،پالک، اروی، ساگ،انار اور مالٹے قابلِ ذکر ہیں۔
مزیدار سوپ:
سردی کا نام لیتے ہی کھانے پینے کی جن چیزوں کا خیال سب سے پہلے آتا ہے‘ ان میں سے ایک سوپ بھی ہے۔ یہ نہ صرف جسم کوگرم رکھتا ہے بلکہ جلد ہضم ہو کرہماری بھوک بھی بڑھاتا ہے۔
سوپ کی غذائیت کا انحصاراس میں استعمال کیے جانے والے اجزاءپر ہوتا ہے۔یہ سبزی سے تیار کیا جائے یا چکن سے، ہمیشہ کوشش کرنی چاہئے کہ اسے زیادہ نہ پکایا جائے کیونکہ اس طرح اس کی غذائیت کم ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
سوپ سردیوں میں ہونے والی پانی کی کمی کو بھی کسی حد تک پورا کرتا ہے۔
شہد کا استعمال:
شہد قدرتی طور پر گرم اثر رکھتا ہے۔سردیوں میں شہد استعمال کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اسے ناشتے میں روٹی اور دیسی گھی کے ساتھ کھائیں، دن میں کسی وقت پانی میں گھول کر پی لیں اور نزلہ زکام کھانسی کے لیے 2 چمچ شہد کھائیں۔
گرم مصالحے:
جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہےموسم سرما میں گرم مصالحے مثلاً لانگ، کالی مرچ، دار چینی کا استعمال بہترین ہے۔سردیوں میں عام طور پر گرم مصالحہ کا استعمال بڑھ جاتا ہے ۔ گرم مصالحے میں کئی فائدے مند جڑی بوٹیاں اور مرچیں شامل ہوتی ہیں جن سے صحت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔
گرم مصالحے سردی، کھانسی، جوڑوں میں درداور موسم سرما میں ہونے والے دیگر جسمانی مسائل میں فائدہ پہنچاتے ہیں ۔
لونگ سے جسم میں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے، سانس کے مرض میں مبتلا افراد کو سردیوں میں الائچی زیادہ سے زیادہ استعمال کرنی چاہیے ۔سردیوں میں سینے میں پیدا ہونے والا دباؤ اس مرچ کے استعمال سے کافی حد تک دور ہو جاتا ہے ۔ اسے آپ نہ صرف کھانا پکانے کے دوران بھی ڈال سکتے ہیں اور پکے ہوئے کھانے جیسے تلے ہوئے انڈے، پاستا اور سوپ وغیرہ پر اوپر سے ڈال کر بھی استعمال کر سکتے ہیں ۔
دارچینی کے بغیر سردیوں کا تصور ادھورا ہے ۔ اس کی میٹھی سی خوشبو موسم سرما میں بہت اچھی لگتی ہے ۔