• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علیم خان 9 روزہ جسمانی ریمانڈپر نیب کے حوالے

لاہور(نمائندہ جنگ/مانیٹرنگ سیل)احتساب عدالت نے پی ٹی آئی رہنما علیم خان کو 9روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے 15 فروری کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دےدیا ہے۔نیب حکام نے آف شور کمپنی اور آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو سخت سکیورٹی میں احتساب عدالت میں پیش کیا۔دورانِ سماعت نیب پراسکیوٹر وارث جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ علیم خان کا 2002 میں 190 لاکھ کا بانڈ نکلا،10کروڑ 90 لاکھ علیم خان کےوالد کو باہر سےآمدن آئی مگر بھیجنے والا کوئی نہیں، اے اینڈ اے سے والدہ کو 198 ملین 2012 میں آمدن آئی، باہر سے آئی آمدن تسلیم نہیں کرتے لیکن بانڈ تسلیم کرتے ہیں۔ نیب پراسکیوٹر نے بتایا کہ علیم خان نے 2018 میں 871 ملین اثاثے ظاہر کئے، ان کے اثاثے آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے جبکہ ملزم اثاثوں اور آمدن سے متعلق مطمئن نہیں کرسکے۔ نیب پراسکیوٹر نے ملزم سے اثاثوں اور آمدن کے ذرائع کی تحقیقات کیلئے عدالت سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ اس موقع پر علیم خان کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ علیم خان کاروبار کرتے ہیں، انہوں نے آج تک عہدے کا غلط استعمال کیا اور نہ کسی کرپشن کا الزام لگا،علیم خان کو جب بلایا گیا پیش ہوئے لہٰذا جسمانی ریمانڈ کی ضروت نہیں۔عدالت نے نیب پراسکیوٹر اور علیم خان کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد نیب کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کرلی۔قبل ازیں عدالت کے باہر پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر عدالت کےباہر بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس نے کنٹینر لگاکر عدالت جانے والے راستے بند کردیئے۔

تازہ ترین