وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے ورکرز کے لیے تین تین ہزار روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
شیخ رشید نے اسلام آباد میں جیسے ہی ہر ریلوے مزدور کو عمران خان کی طرف سے تین ہزار روپے دینے کا اعلان کیا مزدوروں نے خوشی سے سیٹیاں بجائیں۔
اس موقع پر شیخ رشید بھی ریلوے ورکرز کے ساتھ مل گئے اور انہوں نے بھی سیٹی بجائی۔
اسلام آباد میں کیریج فیکٹری ریلوے اسٹیشن پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ماضی میں محکمہ ریلوے میں چوروں اور لٹیروں نے ایک ایک کھرب کی مشینیں خریدیں، ریلوے ترقی کے بجائے تنزلی کی طرف گیا ، ہم ریلوے بجٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے مزدوروں کی بہتری کیلیے اقدامات کریں گے۔
وزیرریلوے نے کہا کہ وزیر اعظم دس فروری کو تھر ایکسپریس کا افتتاح کریں گے، ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنا چاہتے ہیں ، آئندہ برس ریلوے اپنا بجٹ خود بنا کر اسمبلی میں پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کسی صورت قبول نہیں ،یہ بارگین کر رہے ہیں ،کوئی بارگین نہیں ہو گی،اسپیکرقومی اسمبلی مجھے پی اے سی کا ممبر بننے سے نہیں روک سکتے،انہیں کوئی صوابدیدی اختیار نہیں۔
شیخ رشید احمد نے یہ بھی کہا کہ میں صرف اور صرف عمران خان کی وجہ سے چپ ہوں،مجھے غریب عوام کی فکر ہے۔
وزیرریلوے شیخ رشید نے شریف برادران پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قطری سے شروع ہوتے ہیں اور پتھری پر ان کی سیاست ختم ہو جاتی ہے ۔