• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علیم خان کی گرفتاری کو بیلنسنگ ایکٹ نہیں کہوں گا، صداقت عباسی

کراچی (ٹی وی رپورٹ)تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہاہے کہ انفرادی ردعمل اپنی جگہ مگر حکومت نے علیم خان کی گرفتاری پراحتجاج نہیں کیا،ہمارے وزیر نے اعلیٰ اخلاقی اقدار کے تحت مستعفی ہوکر اپوزیشن کو آئینہ دکھادیا ہے ، علیم خان کی گرفتاری میرٹ پر نہیں ہوئی تو انہیں قانونی فورم سے ریلیف لینا چاہئے، علیم خان کی گرفتاری کو بیلنسنگ ایکٹ نہیں کہوں گا۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری،ماہر قانون راجہ عامر عباس،ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل بھی شریک تھے۔طلال چوہدری نے کہا کہ جہانگیر ترین کی نااہلی اور علیم خان کی گرفتاری کے بعد عمران خان کی دونوں جیبیں کٹ گئی ہیں، تحریک انصاف کرپشن اور کرپٹ لوگوں کو تحفظ دینے کیلئے بنی ہے، نیب کیسوں پر عمران خان اور بابر اعوان کو گرفتار کیوں نہیں کیا جارہا ہے۔راجہ عامر عباس نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن نیب اصلاحات پر میڈیا میں بات کرنے کے بجائے بل اسمبلی میں پیش کریں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف عزت نفس کے ساتھ علاج کروانا چاہتے ہیں، حکومت نواز شریف کا علاج کرنے کے بجائے ان کی تضحیک کرناچاہتی ہے، نواز شریف کی صحت پر سیاست کس نے کی ریکارڈ پر موجود ہے۔شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کی تمام ذمہ داری حکومت پنجاب کی ہے، عمر اور میڈیکل ہسٹری دیکھیں تو ان کی میڈیکل رپورٹ میں کوئی خطرناک بات نہیں ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ناکامیاں بتائیں تو انہوں نے سی پیک منصوبے پر جوابی حملہ کیا ،حکومت سیاست چمکانے کیلئے سی پیک کو متنازع بنارہی ہے۔صداقت علی عباسی نے کہا کہ انفرادی ردعمل اپنی جگہ مگر حکومت نے علیم خان کی گرفتاری پراحتجاج نہیں کیا، حکومت کی پالیسی ہے کہ نیب اپنے اختیارات استعمال کرسکتی ہے، نواز شریف کیخلاف فیصلہ آتا تو حکومتی مشینری ان کا دفاع کرتی تھی، ہمارے وزیر نے گرفتاری کے بعد اعلیٰ اخلاقی اقدار کے تحت مستعفی ہوکر اپوزیشن کو آئینہ دکھادیا ہے ، علیم خان کی گرفتاری میرٹ پر نہیں ہوئی تو انہیں قانونی فورم سے ریلیف لینا چاہئے، علیم خان کی گرفتاری کو بیلنسنگ ایکٹ نہیں کہوں گا۔صداقت علی عباسی کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے دس سال حکومت کی مگر آج نیب برا لگ رہا ہے،علیم خان کے گرفتار نہ ہونے پرشور مچانے والے آج ان کی گرفتاری پر نئی کہانیاں سنارہے ہیں،طلال چوہدری نیب کو کالاقانون کہہ کر نواز شریف کی بے عزتی کررہے ہیں، نواز شریف پانچ سال حکومت میں رہے نیب قانون تبدیل نہیں کیا، نواز شریف اور آصف زرداری نے چیئرمین نیب کو لامحدود اختیارات دیئے جنہیں ہم واپس لے کر توازن قائم کریں گے۔طلال چوہدری نے کہا کہ جہانگیر ترین کی نااہلی اور علیم خان کی گرفتاری کے بعد عمران خان کی دونوں جیبیں کٹ گئی ہیں، تحریک انصاف کرپشن اور کرپٹ لوگوں کو تحفظ دینے کیلئے بنی ہے۔

تازہ ترین