اسلام آباد (حنیف خالد) سعودی ولی عہد وزیراعظم و وزیر دفاع پرنس محمد بن سلمان کے دو روزہ دورے کے دوران پاکستان کی جس سب سے بڑی آئل ریفائنری کی تعمیرکے معاہدے پر دستخط ہونگے اس کی خام تیل صاف کرنے کی گنجائش پاکستان کی موجودہ پانچوں آئل ریفائنریوں کی مجموعی صلاحیت سے بھی زیادہ ہو گی پاکستان میں اس وقت جو پانچ ریفائنریاں تیل صاف کر رہی ہیں وہ تیس ہزار بیرل یومیہ سے ایک لاکھ بیرل یومیہ تک خام تیل صاف کرنے کی صلاحیت کی حامل ہیں حبکو ریفائنری جو پاکستانی افواج کو پیٹرولیم اور اس کی مصنوعات سپلائی کر رہی ہے کی خام تیل صاف کرنے کی صلاحیت 30ہزار بیرل یومیہ ہے دوسری نیشنل ریفائنری کراچی40ہزار بیرل یومیہ تیسری اٹک آئل ریفائنری راولپنڈی45ہزار بیرل یومیہ چوتھی پاکستان ریفائنری لمیٹڈ50ہزار بیرل یومیہ خام تیل صاف کرنے کی گنجائش رکھتی ہیں پاکستان کی پانچوں میں سب سے بڑی ریفائنری پارکو ہے جو ابوظہبی اور حکومت پاکستان کے اشتراک سے ایک لاکھ بیرل یومیہ خام تیل 1996سے صاف کرتی چلی آرہی ہے اس کا افتتاح اس وقت کی وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو نے کیا تھا لیکن سعودی عرب کے ولی عہد وزیراعظم وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کے اتوار کی سہ پہر شروع ہونے والے دور روزہ دورہ کے دوران جس آئل ریفائنری کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط ہونے والے ہیں اس کی تیل صاف کرنے کی یومیہ صلاحیت تین لاکھ بیرل یومیہ ہو گی۔