سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پانی زندگی ہے اس لئے صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیئے، آر او پلانٹس کے معیار اور خریداری کیلئے ڈی سی سکھر کی سربراہی میں پروکیورمنٹ کمیٹی بنائی جائے جس کے ذریعے ٹینڈرز ہوں جس میں تعلقہ چیئرمین اور پبلک ہیلتھ انجنیئر کو شامل کیا جائے۔ صالح پٹ کی جن یوسیز میں آئل اینڈ گیس کمپنیز کے کنویں اور بلاکس موجود ہیں وہاں زمینی پانی سمندر سے بھی زیادہ کڑوا ہے او لوگ ایسا پانی پینے پر مجبور ہیں، اس لئے کمپنیوں کی جانب سے ملنے والے فنڈز میں سے ان گاؤں میں آر او پلانٹس لگائے جائیں ۔ وہ وفاقی وزارت برائے پیٹرولیم، گیس اور قدرتی وسائل کی جانب سے دی گئی ہدایات کی روشنی میں سکھر میں ضلعی سوشل ویلفیئر کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ گیس کمپنیز کے اخراجات پر چلنے والے 14اسکولوں میں فرنیچر کے ساتھ ساتھ سولر پلیٹس پنکھے اور بلب بھی لگوائے جائیں، جبکہ آر او پلانٹس یوسی چیئرمین کے حوالے کئے جائیں گے جن کی فلٹریشن کا خرچ بھی یوسی فنڈز میں سے کرنے کا کہا جائیگا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اویس قادر شاہ نے کہا کہ والیوم بیس آر او پلانٹس لگوائے جائیں تاکہ دو سال کے کنٹریکٹ کے دوران آپریشن اینڈ مینٹی ننس کی ذمہ داری کمپنی کی ہو اور وہ مقامی اسٹاف کو آر او پلانٹس چلانے اور دیکھ بھال کی تربیت بھی دے۔