• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ: پولیس اہلکاروں کی رکشا ڈرائیور پر تشدد کی ویڈیو وائرل


کوئٹہ میں پولیس اہل کاروں کے رکشا ڈرائیور اور شہری پر تشددکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، وزیراعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لے لیا۔

کوئٹہ میں پولیس اہل کاروں نے بیچ سڑک پر رکشا ڈرائیور اور ایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ہدایت پر اہل کار کو معطل کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہل کار نے رکشے کو نقصان پہنچایا اور ڈرائیور کو باہر نکال کر مارا۔ اس کے علاوہ پولیس اہل کار نے قریب ہی موبائل فون سے واقعے کی ویڈیو بنانے والے شہری سے فون چھین لیا اور اسے بھی تھپڑ مارے۔

قریبی پلازہ کی بالائی منزل سے ایک شہری نے واقعے کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر ڈال دی۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی کو کارروائی کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کانسٹیبل کو معطل کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی انکوائری شروع کردی گئی ہے۔

تازہ ترین