نوٹنگھم (نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے سابق مرکزی صدر سید حسن بخاری نے پی پی پی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر و سابق وزیرحکومت چوہدری پرویز اشرف کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا پیپلزپارٹی برطانیہ ورکرز ایکشن کمیٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اشفاق راجہ کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں ورکرز ایکشن کمیٹی کے ترجمان راجہ امجد مظہر، کونسلر آزاد چوہدری، حاجی اورنگزیب خان، اشتیاق الحق، راجہ نثار خان، ثاقب صابر، محمد بوٹا رسول، جاوید خلیل سمیت مختلف پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ سید حسن بخاری نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی جمہوری اقدار اور انسان دوستی کی علمبردار جماعت ہے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے اور اسکو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنانے کی پاداش میں شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو اور مابعد انکی عظیم بیٹی نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی بنیاد دراصل مسئلہ کشمیر کی وجہ سے ہی پڑی تھی اس لئے ہماری جماعت نے ہمیشہ اور کھل کر کشمیریوں کی بھرپور حمایت و تائید کی ہے۔ مہمان خصوصی سابق وزیرحکومت آزاد کشمیر چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ اس وقت بھارتی ہٹ دھرمی اور جنگی جنون کی وجہ سے برصغیر پر ایٹمی جنگ کے بادل چھائے ہوئے ہیں اگر شہید جمہوریت ایٹمی پلان کی بنیاد نہ رکھتے تو آج بھارت ہمیں نیست و نابود کرچکا ہوتا۔ انہوں نے برطانیہ میں پی پی پی کو فعال اور منظم کرنے کیلئے سید حسن بخاری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی شہید قائد محترمہ بے نظیر بھٹو کے جانثاروں اور وفاداروں کی صف میں حسن بخاری ہمیشہ صف اول رہے ہیں۔ انکی بصیرت، قابلیت اور پارٹی سے وابستگی کی وجہ سے شہید محترمہ انہیں بہت عزیز رکھتی تھیں۔ دیگر مقررین نے سابق وزیرچوہدری پرویز اشرف کی پارٹی خدمات اور کردار کو سراہا۔