• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:گھر میں آگ لگنے سے ماں اور 2بچے جھلس کر جاں بحق

کراچی کے علاقے جمشید کوارٹر میں سرکاری ملازمین کی رہائشی  آبادی کے ایک کوارٹر میں آگ لگنے سے ماں اور اس کے 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔

آگ لگنے کا واقعہ آج صبح سویرے پیش آیا۔ فائر بریگیڈ کنٹرول کے مطابق صبح 5 بج کر 45 منٹ پرجہانگیر روڈ پر پٹیل پاڑہ کے بجلی گراؤنڈ میں کوارٹر نمبر ای 210 میں آگ لگنے کی اطلاع پر فائر فائٹرز کے ہمراہ ایک گاڑی روانہ کی گئی تھی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق جب فائر بریگیڈ کا عملہ پہنچا تو اس وقت آگ شدت اختیار کرچکی تھی اور گھر میں موجود 30 سالہ شمائلہ جنید اور اس کے 2 بچے پانچ سالہ بیٹی انیسہ اور سات سالہ بیٹا صفیان جاں بحق ہوچکے تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ان کی لاشیں اسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔ خاندان کا سربراہ جنید روزگار کے سلسلے میں ملائیشیا میں مقیم ہے۔

جمشید کوارٹر پولیس کے مطابق گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر گھر میں چارجنگ لائٹ سے شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ واقعہ کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین