پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے اپنی دو سالہ سفارتی مدت پوری کرلی ہے، جس کے بعد وہ اپنے ملک جرمنی واپس جارہے ہیں۔
جرمنی روانگی سے قبل انہوں نے پاکستانیوں کے نام ایک الوداعی ویڈیو پیغام دیا ہے۔
شیروانی میں ملبوس مارٹن کوبلر نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستانیوں کو السلام و علیکم کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے میرا یہ آخری ویڈیو پیغام ہے، آپ لوگوں کے خوبصورت ملک میں شاندار دو سال گزارنے کے بعد اداس دل کے ساتھ وطن واپس جارہا ہوں۔
مارٹن کوبلر نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں آپ کو اپنے دل میں رکھوں گا، میں نے ذاتی زندگی میں بھی آپ کے ملک کی بہت سی خوبصورتی دیکھی۔
جرمن سفیر نے یقین ظاہر کیا کہ تمام تر سیاسی، معاشرتی یا پھر معاشی مشکلات کے باوجود پاکستان امن اور خوشحالی کی جانب اپنا راستہ بنالے گا اور میرا دل ہمیشہ پاکستان کے ساتھ جڑا رہے گا۔
مارٹن کوبلر نے پاکستانی مداحوں کویقین دلایا کہ وہ عام سیاح کی حیثیت سے پاکستان واپس آئیں گے۔