قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کے الزامات کو ’کھسیانی بلی کھمبا نوچے‘ کے مترادف قرار دیدیا۔
نیب نے حمزہ شہباز کے الزامات مسترد کردیے اور اپنے اعلامیے میں کہا کہ ڈی جی نیب لاہور کی ڈگری کی ایچ ای سی سے پہلے ہی تصدیق کرائی جاچکی ہے،جس کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی جاچکی ہے۔
نیب اعلامیے میں کہا گیا کہ شریف فیملی کی خواتین کو بُلانے کا مقصد اسٹیٹ بینک کی شکایت پر تحقیقات کرنا ہے، جس کے مطابق شریف فیملی کے اکاؤنٹس سے خطیر رقم کی منی لانڈرنگ ہوئی۔
نیب اعلامیے میں کہا گیا کہ حمزہ شہباز ہم پر الزامات لگانے کے بجائے اپنے خلاف تحقیقات کا جواب دیں۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ نیب کو حمزہ شہباز اور ان کی فیملی کی مبینہ منی لانڈرنگ اور زائد اثاثوں کے ٹھوس ثبوت ملے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب حمزہ شہباز بے بنیاد، من گھڑت اور لغو الزامات سے تحقیقات پر اثرانداز ہونے کے لیے کوشاں ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیب ایک خود مختار ادارہ ہے،جو قانون کے مطابق فرائض انجام دیتا ہے،جو چادر اور چار دیواری اور خواتین کا احترام کرتا ہے۔