• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئی فرد حرفِ کل نہیں ہوتا، ہرکسی کو مشورہ و رہنمائی درکار ہوتی ہے۔ حوصلہ افزائی خوابیدہ صلاحیتوں اور جرأت کو مہمیز دے کر آپ کی ذہنی صلاحیتیں اجاگر کر کے کامیابی کی شاہراہ پر گامزن کرسکتی ہے۔ والدین اور اساتذہ سے لے کر آپ کا حوصلہ بڑھانے والے موٹی ویٹر اسپیکرز تک، ہر کوئی آپ کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کررہا ہوتا ہے۔ کسی کی کہی گئی کوئی بات دل پر اثر کر جائے تو وہی آپ کی کامیابی کا سنگ میل ہوسکتا ہے۔ دانشمندی سے کام کرنے کی صلاحیت اور ایمانداری و سچی لگن سے کامیابی کا حصول ممکن ہے۔ اپنے کام سے محبت اور انتہائے کمال پانے کی کوشش کا تعلق آپ کی اپنی ذات سے ہے۔

حوصلہ افزائی کیا ہے؟

حوصلہ افزائی مایوسی کا شکار کسی بھی فرد کو خوشی سے ہمکنار کرنے اور محنت و کامیابی کی ترغیب دینے کا نام ہے۔ ہم سب کو ایسی حوصلہ افزائی، انعام اور ستائش کی طلب ہر وقت رہتی ہے۔ دنیا کے ہر کامیاب شخص کے پیچھے کسی کی تھپ تھپاہٹ اور کچھ کر دکھانے کی ترغیب ہوتی ہے، جو ناممکن کو بھی ممکن کر دکھاتی ہے۔ اس کے علاوہ آپ اپنی حوصلہ افزائی خود بھی کرسکتے ہیں۔

5 سیکنڈ رول

مایوسی و ناکامی سےخوشی و کامیابی کی طرف آنے میں صرف پانچ سیکنڈ لگتے ہیں۔ بالخصوص جب آپ مایوس ہوں اور کامرانی کی کوئی راہ دکھائی نہ دے تو آپ عزم باندھیں کہ’’مجھے تبدیل ہونا ہے‘‘۔ میل روبنس نے اپنی زندگی، کام اور اعتماد کو 5سیکنڈ رول سے تبدیل کر دیا۔ اسی نام سے ان کی کتاب آپ کی ذہنی صلاحیتوں کو بڑھا کر مایوسی و ناکامی سے ہمیشہ کے لئے نجات دلا سکتی ہے۔

خود پر اعتماد کریں

ہم جس معاشرے میں رہتے ہیں وہاں ہر کوئی ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن ہونے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔ ایسے میں کسی بھی وجہ سے آپ زمانے کی رفتار سے رفتار ملاکر چل نہیں پارہے ہوں تو منفی خیالات کو ایک طرف جھٹکتے ہوئے خود پر اعتماد قائم رکھیں اور اپنی اہداف کی طرف سفر جاری رکھیں۔ جلد یا بدیر آپ کو اپنے مقاصد کے حصول میں کامیابی مل جائے گی۔ دوسروں سے متاثر ہوکر ڈپریشن کا شکار نہ ہوں اور اپنی زندگی اعتماد سے جیئیں۔

بے ساختگی و حاضر جوابی

ناکامی کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہوتی ہے کہ ہم ردعمل میں بے ساختہ و حاضر جواب نہیں ہوتے۔ ہربار یہی سوچتے ہیں کہ فلاں بات کے جواب میں یہ کہنا چاہیے تھا یا وہ کہنا چاہیے تھا۔ جو ہوگیا اس پر پچھتانے کے بجائے خود کو مستقبل کے چیلنجز کیلئے تیار کریں اور حاضر جوابی کیلئے آئینہ کے سامنے مشق کریں۔ دانشمند طالب علم اپنے ساتھیوں کے ساتھ بالمشافہ گفتگو کر کے وہیں بات ختم کر دیتے ہیں، یہی آپ کو کرنا ہے۔

مستقل مزاجی اور ٹائم شیڈول

زندگی کا ہر لمحہ وقت کی دہلیز میں نپا تلا ہے، کوئی لمحہ واپس نہیں آسکتا۔ اسی طرح طالب علمی کا یہ سنہری دوربھی کبھی پلٹ کر نہیں آئے گا، وقت کا بہترین استعمال آپ کو کامیابی کی جانب گامزن کردے گا۔ یہاں مستقل مزاجی آپ کا اثاثہ اور وہ بیش قیمت عادت ہے جو آپ کو نادم نہ ہونے دے گی، اس لئے ہوم ورک اور اسکلز ڈیویلپمنٹ کے لئےشیڈول بنائیں۔ اگر آپ ایسا نہیں کرتے تو عین امتحانات کے وقت ذہنی صلاحیتیں مفلوج ہو سکتی ہیں اور آپ ڈپریشن اور مایوسی کا شکار ہوسکتے ہیں۔ لہٰذا مستقل مزاجی اور ٹائم شیڈول کو کبھی نہ بھولیں۔ مطالعہ و تحریر کا ٹائم شیڈول آپ کوذہنی دبائو سے بچا سکتا ہے۔ ایسے میں والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کا حوصلہ بڑھائیں اور انھیں باور کرائیں کہ وہ ناممکن کو ممکن بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سچی لگن

آگے بڑھنے کی سچی لگن ہی ہمیں دنیا میں سرخرو کرتی ہے۔ زمانہ طالب علمی کے ناقابل فراموش لمحوں کو سچی لگن سے گزارتے ہوئے خود سے وعدہ کریں کہ ہر دن کچھ نیا سیکھنا ہے۔ سیکھنے کا یہ عمل تاحیات جاری رہتا ہے۔ ایسے میں اساتذہ کی حوصلہ افزائی بھی بہت بڑا کردار ادا کرتی ہے۔

توقع نہ باندھیں

ناکامی کی سب سے بڑی وجہ اپنے فرائض بھول کر دوسروں کا سہارا ڈھونڈنا ہے۔ دوسروں سے رہنمائی اور حوصلہ افزائی پانا الگ بات ہے لیکن دوسروں پر تکیہ کرنا کسی طور دانش مندی نہیں۔ اپنے کام خود کریں، کوئی بات نہیں آتی تو سیکھیں اور مارکیٹ جابس کے مطابق خود کو ڈھالیں۔

ذہین طالب علموں سے دوستی

آپ ان خوش نصیب طالب علموں میں شمار ہوتے ہیں جن کے ہاتھ میں اسمارٹ فون، ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ ہیں۔ آپ کیلئے دنیا بھر کے ذہین طالب علموں، دانشوروں اور کتب خانوں تک رسائی آسان ہے۔ اپنی کلاس کے ذہین طالب علموں کے ساتھ دوستی کر کے آپ گروپ اسٹڈی سرکل بنائیں جہاں نصاب سے متعلق مضامین کے بارے میں ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کریں اور اپنے ہی ہم نوا طالب علموں سے دنیا بھر میں رابطہ کریں۔ یہ عمل اعلیٰ کارکردگی دکھانے میں آپ کی حوصلہ افزائی کرے گا اور آپ کو دوسروں سے انسپریشن بھی حاصل ہوگی۔ 

تازہ ترین