بھارتی فلم ڈائریکٹر راہول روائل نے بالی ووڈ کے سینئر اداکار رشی کپور کی صحت سے متعلق قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ رشی کپور کینسرفری ہیں۔
راہول روائل کا کہنا ہے کہ رشی کپور میڈیکل ٹریٹمنٹ کے لئے امریکا میں ہیں اور اُن کی بیماری کا علاج ہوگیا ہے، وہ اب ’’کینسر فری‘‘ ہیں۔
راہول روائل نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر 66 سالہ رشی کپور کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی ہے جس کے ساتھ تحریر ہے ’’رشی کپور (چنٹو) کینسر فری ہے‘‘
بھارتی اخبار کے مطابق رشی کپور کے بڑے بھائی رندھیر کپور کا کہنا ہے کہ ‘‘ہاں ،رشی کپور اب کینسر فری ہیں، لیکن پہلے وہ اپنی ٹریٹمنٹ مکمل کرائیں گے پھر گھر واپس آئیں گے‘‘
واضح رہے کہ رشی کپور نے گزشتہ سال ستمبر میں ایک ٹوئٹر پیغام سے پریشانی میں مبتلاکردیا ، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’’میں کام سے مختصر رخصت لے رہا ہوں اور میڈیکل ٹریٹمنٹ کے امریکا جارہا ہوں، میرے خیرخواہ پریشان نہ ہوں اور غیر ضروری قیاس آرائی نہ کریں، آپ کے پیار اور دعاؤں سے میں جلد واپس آؤں گا‘‘