نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے چھ ہفتے مکمل ہوگئے، اُنہیں آج پھر سے جیل بھیج دیا جائے گا۔
مسلم لیگ ن کی تنظیم نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم جلوس کی شکل میں کوٹ لکھپت جیل جاکر گرفتاری دیں گے، جلوس کی قیادت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کریں گی۔
ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کے مطابق مریم نواز آج اپنے والد کو رخصت کریں گی، وہ نواز شریف کے ساتھ گاڑی میں موجود ہوں گی اور آخری حد تک والد کے ساتھ ہوں گی۔
نواز شریف کی جیل واپسی پر ن لیگ کی مجوزہ ریلی پر لاہور میں حمزہ شہباز کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں کارکنوں کی افطاری، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
رانا مشہود کا کہنا ہے کہ کل افطار کے بعد نواز شریف جیل جانے کے لیے نکلیں گے، جاتی امرا سے کوٹ لکھپت جیل تک جگہ جگہ کیمپ لگائے جائیں گے۔
دوسری جانب لاہور پولیس نے نواز شریف کی جاتی امرا سے کوٹ لکھپت جیل منتقلی کے سلسلے میں سیکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے 400 پولیس اہلکار تعینات کئے جائیںگے۔