ہم اکثر ان سیلیبرٹیز سے متعلق بات کرتے ہیں، جو40یا 50سال کی ہونے کے باوجود نہ صرف خوبصورت اور پرکشش نظر آتی ہیںبلکہ اپنی عمر سے کہیں زیادہ جواں بھی دکھائی دیتی ہیں، اس کی بنیادی وجہ ان کی روزمرہ کی عادتیں ہیں۔ اس کے برعکس ہم اکثر ایسی خواتین کو دیکھتے ہیں، جو 25سال کی ہونے کے باوجود 30یا35برس کی محسوس ہوتی ہیں۔اس کی وجہ وہ عادتیں ہیں، جن سے لاعلمی ہمیں تیزی سے بڑھاپے کی جانب راغب کررہی ہوتی ہیں۔ جواں عمر نظر آنے کے لیے دنیا بھر میں ارب پتی افراد مختلف جتن کرتے ہیں مگر چند عام عادات کو ترک کردینابڑھتی عمر کے اثرات کو ظاہر ہونے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، آئیے ان کے بارے میں جانتے ہیں ۔
اسٹرا کا استعمال جھریوں کا سبب
کیا آپ بھی کولڈ ڈرنکس یا کسی بھی قسم کے مشروبات کے لیے گلاس کے بجائے اسٹرا (Straw)کا استعمال کرتی ہیں؟ اگر ایسا ہے تو اسٹرا کا استعمال چھوڑدیں کیونکہ اس کا استعمال آپ کے چہرے پر لکیریں اور جھریاں پڑنے کاسبب بنتا ہے۔ بیوٹی ایکسپرٹس کی رائے کے مطابق کسی بھی مشروب کا استعمال گلاس سے ہی کیاجانا چاہیے۔ یہی حال سگریٹ پینے والوں کا بھی ہے، ایسے افراد کے چہرے کی جِلد وقت سے پہلے ڈھلک جاتی ہے۔ سگریٹ پینے کا انداز جھریوں کا سبب بنتا ہے۔
ملٹی ٹاسکنگ
اکثر خواتین کی عادت ہوتی ہے کہ وہ ایک وقت میں دس کام کرنا پسند کرتی ہیں اور اس خوبی کو وہ اپنے لیے فخر کی بات سمجھتی ہیں لیکن کیا آپ جانتی ہیں آپ کی اس عادت کاخمیازہ آپ کے جسم کو ادا کرنا پڑے گا۔ بہت زیادہ تناؤ جسمانی خلیات کو نقصان پہنچانے اور عمر کی رفتار بڑھانے کا سبب بنتا ہے۔اس لیے کوشش کریں کہ آپ ایک وقت میں ایک ہی کام کریں۔
میٹھے کا شوق
یہ جاننے کے باوجود کہ چینی ہمارے لیے بہتر نہیں، دنیا میں لوگوں کی اکثریت میٹھے کا شوق رکھتی ہے۔ یہ وزن میں اضافے کے ساتھ ساتھ آپ کے چہرے کی عمر بڑھا نے، آنکھوں کے نیچے حلقے اور جھریوں کا سبب بن جاتا ہے۔ طبی ماہرین اس بارے میں رائے دیتے ہیں کہ چینی ہمارے خلیات سے منسلک ہوجاتی ہے اور اس کے نتیجے میں چہرے سے سرخی غائب ہوجاتی ہے۔
دوستوں کو وقت نہ دینا
ہم اپنی زندگی کی مصروفیات میں اس قدر مگن ہوجاتے ہیں کہ اکثر دوست احباب بہت پیچھے رہ جاتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دوست روح کے لیے اچھے ہوتے ہیں۔ درحقیقت ان کے ساتھ گزارا گیا وقت جسم پر عمر کے اثرات کی روک تھام کیلئے مددگار ثابت ہوتا ہے۔ وہ خواتین جو صرف مصروفیات کے سبب ذہنی تناؤ کا شکار رہتی ہیں، ان پر عمر کے اثرات وقت سے پہلے ظاہر ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔
موئسچرائزر کو نظر انداز کرنا
آپ کو اپنی عمر سے بڑا دکھانے والی ایک عادت موئسچرائزنگ کو نظر انداز کرنا بھی ہے۔ہر انسان کی جِلد کی ضروریات مختلف ہوتی ہیں کہیں کسی کی جِلد بے حد آئلی ہوتی ہے تو کسی کی بے حدخشک۔ موئسچرائزنگ کی صورت میں جِلد کی نمی کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔ نمی کی کمی جِلد کی سطح کو خشک کر دیتی ہے، جو جِلد پر زائد جھریوں کو نمودار کردیتی ہے لیکن باقاعدگی سے موئسچرائزنگ کرنے سے آپ کی جِلدنرم رہتی ہے اور جھریاں بننے کے عمل کو مؤخر کر دیتی ہے۔
سونے کا انداز
عام طور پر اوندھے منہ سونا اکثر افراد کی عادت ہے لیکن آپ کے سونے کا انداز بھی آپ کے چہرے کی رعنائی دور کرنے اور جھریاں پڑنے کا سبب بن سکتا ہے۔ لہٰذا ہمیشہ خیال رکھیں کہ کبھی اوندھے منہ نہ سو ئیں اور سیدھا لیٹ کر سونے کو اپنی عادت بنائیں۔چہرے پر تکیے کا دبائو بھی جھریوں کا باعث بن سکتا ہے۔اس لیے سوتے وقت آرام کیلئے چہرے پر کسی قسم کا تکیہ یا کشن رکھنے سے گریز کریں۔
بیٹھنے کا غلط انداز
ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنا بہت ہی زیادہ عام عادت ہے اور اکثر لوگ بیٹھنے کے دوران اس پر توجہ بھی نہیں دیتے۔لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنے سے ہائی بلڈپریشر، ٹانگوں پر ورم اور دوران خون متاثر ہونے جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں ،اس کے علاوہ جو لوگ آڑے ترچھے انداز میں بیٹھتے ہیں ان کا انداز بھی باڈی شیپ متاثرکرنے، ریڑھ کی ہڈی میں درد اور چکنائی میں اضافے کا سبب بن جاتا ہے۔
روزانہ ایکسرسائز
روزانہ ایکسرسائز کرنے سے عمر کے بڑھتے اثرات کو بھی بآسانی چھپایا جاسکتا ہے لیکن ہم میں سے زیادہ تر افراد ایکسرسائز صرف اس وقت کرتے ہیں، جب ان کا وزن بڑھ جائے۔2ہفتے جم جوائن کرنے سے آپ صرف چند پاؤنڈ وزن میں کمی لاپاتی ہیں۔ تاہم روزانہ ایکسرسائز کرنے کا معمول بنالیا جائے تو یہ آپ کا وزن بڑھنے نہیں دے گی، ساتھ ہی آپ کو فٹ، چست اورموٹاپے جیسی بیماریوں سے دور رکھے گی۔
معیاری سن گلاسز کا استعمال
دھوپ کی مضر شعاعوں سے بچنے کے لیے سن گلاسز کا استعمال ضروری قرار دیا جاتا ہے ۔لیکن کیا آپ جانتی ہیں کہ سڑک کے کنارے فروخت کیے جانے والے کم قیمت سن گلاسز آپ کی آنکھوں کو اسٹائل تو دے سکتے ہیں لیکن سورج کی مضر شعاعوں اور اس کے نقصان دہ اثرات سے محفوظ نہیں رکھ سکتے۔ ساتھ ہی ان سن گلاسز کا استعمال آنکھوں کے اردگرد کی جِلد کو بھی سخت اور لچک سے محفوظ نہیں رکھ پاتا اگر آپ بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رہنا چاہتی ہیں تومعیاری سن گلاسز استعمال کیجیے، جو آپ کو سورج کی الٹراوائلٹ شعاعوں سے محفوظ رکھیں گے۔
گردن اور ہاتھوں پر توجہ دیجیے
ہم میں سے اکثر خواتین خوبصورت اور کم عمر نظر آنے کے لیےچہرے کی جِلد کا تو بے حد خیال رکھتی ہیں لیکن گردن کو بھول جاتی ہیں، جس کے نتیجے میںگردن کا رنگ چہرے سے مختلف لگتا ہے، اس کی جِلدلچک دارہوجاتی ہے اور جھریاں پڑنے سے آپ پر بڑھاپے کے اثرات نمایاں ہوجاتے ہیں۔ عمر بڑھنے کے ساتھ گردن پر لائنیں زیادہ نمایاں ہونے لگتی ہیں، جنہیں اچھے سے اچھا میک اَپ آرٹسٹ بھی نہیں چھپا پاتا۔ اسی لیے ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ چہرے کے ساتھ گردن کو بھی اتنی ہی توجہ دی جائے۔ مثلاًگردن کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے، چہرے پر مساج کے وقت گردن کا مساج بھی ہر گز نہ بھولیں جبکہ اینٹی ایجنگ ماسک نہ صرف چہرے پر بلکہ گردن پر بھی اپلائی کیا جائے۔
یہی بات ہاتھوں کیلئے بھی ہے، جو خواتین کی شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ لازمی نہیں کہ صرف چہرہ ہی خوبصورت لگے، ہاتھ اور پاؤں پر بھی خصوصی توجہ دینی ہوتی ہے۔ لہٰذا مینی کیور اور پیڈی کیور کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔ یہی نہیں، دھوپ میں نکلتے وقت ہاتھ اور پیروں پر بھی سن بلاک لازمی لگائیں۔