وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میں ساڑھے3 ارب روپے کی کرپشن کی تحقیقات پی اے سی سے کرائی جائے گی جبکہ حکومت پنجاب سےملتان میں انفراسٹرکچر کے لیے خصوصی فنڈز کا مطالبہ کریں گے۔
ملتان کے سرکٹ ہاوس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران ، وزرا اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سابق دور میں عوام کی امنگوں کے مطابق ملتان میں ترقیاتی کام نہی ہوئے اس خطے کے فنڈز کو کہیں اور استعمال کیا گیا اس مرتبہ اس خطے کے فنڈز لاہور میں استعمال ہونے کی بجائے اسی خطے میں استعمال ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں فنڈز استعمال ہونے سےملتان کی احساس محرومی بڑھی ہے، ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں ساڑھے تین ارب روپے کی کرپشن میں بھی سابق سیاسی قیادت ملوث رہی ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ حکومت میرٹ اور شفافیت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان نے وزیر خارجہ کو مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔