• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے دارلحکومت دہلی میں واقع تہار جیل میں رواں برس رمضان المبارک کے مہینے میں 150سے زائدبھارتی قیدی روزہ رکھتے ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ ہندوستان ٹائمز کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال روزہ رکھنے والے قیدیو ں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

تہار جیل کے سینئر افسر نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ اس سال رمضان کے مہینے میں 150سے زائد ہندو قیدی روزہ رکھتے ہیں۔ گزشتہ سال ہندو قیدیوں کے روزہ رکھنے کی تعداد 59 تھی۔

ترجمان تہار جیل کے مطابق تہار کے مختلف جیلوں میں کُل 16,665قیدیوں میں سے 2,658مسلم و ہندو قیدی روزہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جیل میں موجود روزہ دار قیدیو ں کے لئے جیل انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جاتےہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال روزہ رکھنے والے قیدیو ں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مئی کے آغاز میں ہی قیدیوں نے اپنے جیل سپریڈینٹنٹ سے ملاقاتیں کیں اور رمضان کے مہینےمیں  روزہ رکھنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ جس کے بعد سپریڈینٹنٹ نے قیدیوں کی تعداد کا اندازہ کر کے اُن کے لئے خصوصی انتظامات کا حکم جاری کیا۔

تہار جیل کے افسران کے مطابق قیدیوں نے روزہ رکھنے کی مختلف وجوہات بیان کیں ہیں۔ ایک سینئر آفیسر کے مطابق جیل میں موجود کچھ قیدیوں کا کہنا ہے کہ ہندو اپنے مسلمان ساتھی قیدی کے ساتھ یکجہتی کے لئے روزہ رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ شاید یہ قیدی یہ اعتراف نہیں کرنا چاہتے ہیں کہ وہ مذہب تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاہے کہ 70سے80فیصد قیدی اپنی قید کے دوران مذہب سے زیادہ قریب ہوجاتے ہیں کیونکہ مذہب امن تلاش کرنے اور پانے کا ایک اہم زریعہ ہے۔ سینئر افسر نے بتایا کہ کچھ قیدی سمجھتے ہیں کہ اگر وہ خدا سے دعا گو رہیں گے تو جلد قید سے چھٹکارا پائیں گے۔

ایک اور جیل کے افسر نے بتایا کہ نا صرف رمضان کے مہینےمیں ہندو روزے رکھتے ہیں مسلمان قیدی بھی ہندو تہوارناوارتی (جس میں ہندو 9روز روزے رکھتے ہیں)میں مسلمان بھی ہندو ساتھی قیدیوں کے ساتھ روزہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایسا صرف تہار جیل میں ہی نہیں بلکہ دیگر جیلوں میں بھی ہوتاہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال جیل حکام نےرمضان کے مہینے کا خاص اہتمام کیا ہے۔ دیگر خصوصی انتظامات کے علاوہ مذہبی عہدیداران کو جیل میں آکر قیدیوں کے ساتھ عبادت کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

جیل انتظامیہ کی جانب سے کھجور اور روح افزاء کا جیل کی کینٹین میں روزہ دار قیدیوں کے لئے خصوصی انتظام کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین