پاکستان کے لیجنڈ اداکار معین اختر، جنہوں نے چار دہائیوں تک اپنے مداحوں کے دلوں پر راج کیا ان کے ایک مداح بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ اداکار عامر خان بھی نکلے۔
’فن کی اکیڈمی ‘کا لقب پانے والے اداکار معین اختر آج اس دنیا میں موجود نہیں ہیں لیکن اُن کی ریڈیو، ٹی وی ڈرامہ، اسٹیج ، فلم سمیت فنون لطیفہ کے ہر شعبےیہاں تک کہ گلوکاری میں بھی اُن کی خدمات آج بھی لوگوں کے دلوں میں تازہ ہیں۔ جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان کے مداح ہیں وہیں بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بھی معین اختر کے مداح نکلے۔
موجودہ دور کے کئی فنکار معین اختر کی مزاحیہ اداکاری سے اس قدر متاثر ہیں کہ وہ خود کو لیجنڈ اداکار کا سب سے بڑا مداح سمجھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ کے صف اول کے اداکار عامر خان نے بھی خود کو معین اختر کا سب سے بڑا مداح قرار دے دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلم لیگ نون کے سینیٹر مشاہد حسین نے اداکار عامر خان کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ نہایت خوش گوار موڈ میں اداکار کے ساتھ مصافحہ کرتے نظر آرہے ہیں۔
مشاہد حسین نے اپنے پوسٹ میں لکھا کہ چین کے صدر شی جنگ پنگ کی میزبانی میں منعقدہ ایشیائی تہذیبوں کے درمیان پہلے مکالمے میں عامر خان کے ساتھ اچھی ملاقات رہی۔
اس کے علاوہ مشاہد حسین نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا کہ عامر خان کی فلم ’دنگل‘ چین میں سپر ہٹ رہی ہے جبکہ عامر خان نے ملاقات کے دوران کہا کہ ’میں لیجنڈ اداکار معین اخترکا بہت بڑا مداح ہوں۔ وہ حیرت انگیز اور با صلاحیت اداکار تھے۔‘
واضح رہے کہ معین اختر 22 اپریل 2011ء کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے تھے، ساتھی فنکاروں کے مطابق پاکستان کی ثقافت کو ڈراموں اور شوز کے ذریعے جس طرح سے معین اختر نے متعارف کروایا دوسرا شاید ہی یہ کام اس خوبی سے کرسکے۔
اسٹیج ڈراموں ’بڈھا گھر پہ ہےاور بکرا قسطوں پر‘ نے معین اختر کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ ’ففٹی ففٹی، ہاف پلیٹ، انتظار فرمایئے اور آنگن ٹیڑھا‘ میں بھی انہوں نے اپنی بے ساختہ اور جاندار ادکاری کے جوہر دکھائے۔
معین اختر کے یادگار ڈراموں اور اسٹیج شوز میں ’روزی، سچ مچ، اسٹوڈیو پونے تین، بندر روڈ سے کیماڑی اور شو ٹائم‘ شامل ہیں۔