سہیل خان
اسلام آباد:… وفاقی حکومت نے ہائی کورٹس کے دو اور سپریم کورٹ کے ایک جج کیخلاف بداعمالی کے الزام میں سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) میں ریفرنسز دائر کئے ہیں۔ ان پر بیرون ممالک جائیدادیں رکھنے کا الزام ہے جن کا انہوں نے گوشواروں میں ذکر نہیں کیا۔ یہ ریفرنسز صدر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل۔ 209 کے تحت دائر کئے ہیں۔ متعدد کوششوں کے باوجود سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ تاہم وزارت قانون کے ایک اعلیٰ افسر نے ریفرنسز دائر کئے جانے کی تصدیق کی ہے۔ سپریم کورٹ کے جس موجود جج کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا ہے ان کی بیوی کے نام پر مبینہ طور پر اسپین میں جائیداد بتائی جاتی ہے۔ لیکن انہوں نے دولت گوشوارے میں اسے ظاہر نہیں کیا۔ اسی طرح سندھ اور لاہور ہائی کورٹ کے دو ججوں کی برطانیہ میں جائیدادیں ہیں۔ آرٹیکل۔209 کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے بعد کونسل صدر کو رپورٹ دے کہ ان کی رائے میں جج اپنے منصب کی ذمہ داریاں نبھانے کا اہل نہیں یا بداعمالی کا مرتکب پایا گیا تو صدر مملکت اسے اپنے منصب سے ہٹا سکتے ہیں۔