کوئٹہ (نمائندہ جنگ) بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار نے میکانگی روڈ پر امام بارگاہ ناصر العزہ میں حملے کی کوناکام بناتے ہوئے برقعہ پوش خود کش حملہ آور کو گولی مار دی۔ جبکہ دستی بم حملے میں اہلکار زخمی ہو گیا حملہ مغربین کے وقت ناکام بنایا گیا۔خود کش جیکٹ میں سات کلو دھماکہ خیز مواد ٗ بال بیرنگ اور چھرے استعمال کئے گئے تھے ۔علاقے میں شدید خوف ہراس پھیل گیا پولیس کے مطابق کی شام افطاری کے فوری بعد میکانگی روڈ پر امام بارگاہ نا صرالعزہ میں لوگ مغربین کی نماز کی تیاری کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک برقعہ پوش خود کش حملہ آور نے امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ ڈیوٹی پر موجود بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار منیر احمد نے اسے مشکوک جان کر جسے ہی روکا تو اس نے ایک دستی بم پھینک دیا جس سے اہلکار زخمی ہو گیا۔ زخمی ہونے کے باوجود اہلکار نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا اور فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سڑک پر گر گیا اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا ۔پولیس نے بتایا کہ حملہ آور کو ہلاک کرنے کیلئے مزید تین فائر کئے گئے اس کے مر جانے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے خود کش جیکٹ کو ڈی فیوز کر کے قبضے میں لے لیا بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق خود کش جیکٹ میں سات کلو دھماکہ خیز مواد ٗ بال بیرنگ اور چھرے استعمال کئے گئے تھے اگر یہ پھٹ جاتی تو قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ تھا پولیس نے زخمی اہلکار اور حملہ آور کی لاش کو ہسپتال پہنچایا ۔