سندھ کے ضلع تھرپارکر کے شہر مٹھی میں واقع سول اسپتال میں غذائیت کی کمی اور مختلف امراض سے تین بچے انتقال کر گئے۔
محکمہ صحت کےذرائع کے مطابق انتقال کرنے والے بچوں کی عمریں 9 ماہ، 6 ماہ اور دو ماہ تھیں۔
واضح رہے کہ غذائیت کی کمی اور مختلف امراض میں مبتلا ہو کر رواں مہینے کے تین دنوں کے دوران انتقال کرنے والے بچوں کی تعداد 5 اوررواں سال میں 354 تک جاپہنچی ہے۔
اس سے قبل 2 مئی کو ساہیوال کے ڈی ایچ کیو اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں شدید گرمی اور اے سی خراب ہونے کی وجہ سے 5 بچے انتقال کر گئے تھے۔
ڈی سی ساہیوال میاں زمان وٹو کے مطابق وارڈ کے اے سی بند ہوجانے کی وجہ سے وہاں درجہ حرارت بڑھا جس کے باعث بچوں کی ہلاکت کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
واقعے پر وزارت صحت نے تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی، تاہم بعد میں ڈپٹی سیکریٹری ہیلتھ رفاقت علی نے ساہیوال کے اسپتال میں ایئر کنڈیشن خراب ہونے سے 5 نومولود بچوں کی ہلاکت کی تردید کی تھی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ اسپتال میں 3 بچوں کی اموات ہوئیں، دو بچے نجی کلینکس سے کیس بگڑنے پرلائے گئے تھےجبکہ تیسرے بچے کی موت وارڈ میں ہوئی جس کا اے سی کی خرابی سے کوئی تعلق نہیں۔
اسی حوالےسے مسلم لیگ نون کی رہنما اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی کا بیان سامنے آیا تھا کہ بچے تھر کے ہوں یا ساہیوال کے ان کی اموات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔