• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملازمت پیشہ افراد اپنے دن بھر کا تقریباً آدھا وقت دفتر میں گزارتے ہیں۔ ایسے میں دفتر میں سہولتوں اور ماحول کا اچھا ہونا ان کیلئے بہت معنی رکھتا ہے تاکہ وہ آرام سے اپنے دفتری امور سرانجام دے سکیں۔ دفتر کی سادہ دیواریں، روشنی کا ناقص انتظام جیسے کہ خراب ٹیوب لائٹس اور بلب کسی بھی انسان کو اکتاہٹ میں مبتلا کرسکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میںملازمین کی کارکردگی بڑھانے کیلئے دفتر کی ڈیزائننگ پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ دوسری جانب مختلف تحقیقات بھی اس بات کی وضاحت کرچکی ہیں کہ اردگرد کا ماحول انسان کی ذات، حرکات، سکنات، عادات اور خیالات پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔ چنانچہ آج ہم قارئین کو کچھ ایسے دفاتر کے بارے میں بتانے والے ہیں، جن کے متعلق جان کر آپ کا وہاں کام کرنے کو دل چاہے گا۔آخر وہاں ایسا کیا ہے؟ آئیے جانتے ہیں ۔

ایئر بی این بی

ایئر بی این بی دنیا بھر کے لوگوں کوسفر کے دوران منفرد جگہوں پرعارضی رہائش کی سہولت فراہم کرنے والی مشہور و معروف امریکی کمپنی ہے۔ اس کمپنی کا ہیڈکوارٹر کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں888برانن اسٹریٹ پر72ہزار 321اسکوائر فٹ رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے۔ اس دفتر کی خاص بات یہاں کا تعمیراتی ڈیزائن ہے،جسے مشہور گلوبل ڈیزائن اینڈ آرکیٹیکچرل فرم گینسلر نے ڈیزائن کیا ہے۔ فرم نے اس عمارت کا ڈھانچہ دنیا بھر میں مختلف ڈیزائن کے حامل گھروں کو ذہن میں رکھتے ہوئے تیار کیا ہے تاکہ یہاں کام کرنے والے ملازمین گھر جیسا پرسکون، خوبصورت اورپر آسائش ماحول محسوس کرسکیں۔ اس دفتر کا سب سے خوبصورت حصہ بالائی منزل پر بنایا گیا جدید طرز کا ایٹریم ہے، جہاں موجودکچن ،ڈائننگ ہال اور طعام کے لیے بنائے گئے مخصوص طرز کے علیحدہ پورشن کسی گھرکے ڈائننگ روم کا نظارہ پیش کرتے ہیں۔ تمام ملازمین روزانہ یہاں دوپہر یا رات کا کھانا کھانے جمع ہوتے ہیں۔

ٹرپ ایڈوائزر

ٹرپ ایڈوائزر مشہور ومعروف سیاحتی ویب سائٹ ہے، حال ہی میںاس کا ہیڈکوارٹر امریکی ریاست میسا چوسٹس کے علاقے نیڈھم میں تعمیر کیا گیا ہے۔ اس ہیڈ کوارٹر کی تعمیر سے متعلق مالکان کی خواہش تھی کہ 2لاکھ82 ہزار اسکوائر فٹ کی جگہ پر ایک ایسے دفتر کی تعمیر کی جائے، جہاں سیروسیاحت کے تصور کو ممکنہ طور پر محسوس کیا جاسکے۔ اسی احساس کے پیش نظر، ہیڈکوارٹر کی عمارت کے ہر فلور کو اس طرح تعمیر کیا گیا ہے کہ وہ مختلف براعظموں اور ثقافتوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ استقبالیہ کی دیوار پر ہزاروں سیاحوں کی تصاویر ایک خوبصورت ’گلوبل میورل‘ تخلیق کرتی ہیں جبکہ دفتر کی عمارت چارمنزلہ ایٹریم اور تین منزلہ عمودی باغ (ورٹیکل گارڈن) پر مشتمل ہے۔ سیڑھیوں کی تعمیر کے لیے ہسپانوی طرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس عمارت کی ایک اور خاص بات ہیڈکوارٹر کی چھت ہے، جہاں بنایا گیا مصنوعی آسمان خوبصورت منظر کی عکاسی کرتا ہے۔

ریفائنری29

ریفائنری 29 ایک مشہور ومعروف ویمن فیشن اور بیوٹی ویب سائٹ ہے، جس کا ہیڈ کوارٹر نیویارک شہر کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں تعمیر کیا گیا ہے۔ باریک بینی سے بنوائے گئے منفرد تعمیراتی ڈیزائن کے سبب یہ ہیڈ کوارٹردنیا بھر میں خاص اہمیت کا حامل ہے ۔ یہ عمارت لوئر من ہٹن سے منسلک 2500مربع فٹ رقبے پر تعمیر کی گئی ہے، جو کہ تعمیراتی شاہکار بھی کہلاتی ہے۔ اس عمارت کو Chad Mcphail نے ڈیزائن کیا ہے۔ ہیڈکوارٹرکی عمارت اگرچہ دو منزلہ ہے لیکن آرٹ ڈیکوریشن کی ایک بہترین مثال ہے۔ عمارت کاجمالیاتی طرز تعمیر وضع دار ہونے کے ساتھ ساتھ روشن اور شوخ رنگوں کا بہترین نمونہ ہے۔ اس کی تعمیر کے دوران سفید رنگ کو سب سے زیادہ اہمیت دی گئی ہےلیکن جو چیز اس رنگ پر غالب آئی ہے، وہ دفتر کا شوخ رنگوں اورمنفردڈیزائن والا فرنیچر ہے ۔

کراؤن کیسل

کراؤن کیسل شیئرڈ کمیونیکیشن انفرااسٹرکچر فراہم کرنے والی امریکا کی سب سے بڑی کمپنی ہے۔ اس کا ہیڈکوارٹر ایریزونا کے شہر کینڈلر میں جرمین اور اسٹیئرمین روڈ کے درمیان 70ہزار اسکوائر فٹ پر تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کی تعمیرLGEڈیزائن بلڈ گروپ کی جانب سے ایک سال کے قلیل عرصے میں مکمل کی گئی ہے۔ اس کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین ہیڈکوارٹر کی ڈبل اسٹوری بلڈنگ سے خود کو ہر وقت منسلک محسوس کرتے ہیں۔ لکڑی، شیشے اور اسکائی لائٹس کی مدد سے دفتر کی آؤٹ ڈور اور اِن ڈور ڈیزائننگ خوبصورت انداز سے کی گئی ہے۔ اندرونی حصے میں بنائے گئے جم اور لاکر روم سے لے کر بیرونی حصے کے جاگنگ ٹریک تک 8.56ایکڑ رقبہ گھراہوا ہےجبکہ اس میں ریسٹورنٹ بھی موجود ہیں۔اس عمارت میں ایک جگہ کا اضافہ کرتے ہوئے یہاں سولرپینل لگائے گئے ہیں ،ساتھ کورڈ پارکنگ، فائر پٹ اور باربی کیو ایریا بھی بنایا گیا ہے۔

تازہ ترین