• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی برآمدات میں 7 فیصد اضافہ ہوا، عبدالرزاق

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ مشکل حالات کے باوجود پروڈکشن لائن بڑھنے سے ملکی برآمدات میں 7 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ برآمدات میں مسلسل اضافے اور درآمدات میں 4 بلین ڈالر کی کمی سے تجارتی حجم میں خلیج کم ہو رہی ہے اور مجموعی اکاؤنٹ خسارہ بھی بہتر ہوا ہے‘معاشی صورت حال اتنی خراب نہیں جتنی بعض حلقوں کی جانب سے پیش کی جا رہی ہے، تاہم اقتصادی صورتحال زیادہ تیزی سے بہتر ہونی چاہیے تھی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں منعقدہ اجلاس کے دوران فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ موجودہ مالی سال میں گارمنٹس کی برآمدات میں 29 فی صد، سیمنٹ 25 فیصد، باسمتی چاول 21 فیصد اور فٹ ویئر کی برآمدات میں 26 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ عبدالرازق داؤد نے کہا کہ حکومت برآمدی شعبے کو بجلی اور گیس پر سبسڈی فراہم کر رہی ہے جو آئندہ سال بھی جاری رہے گی‘فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انتہائی مختصر مدت میں ملک کا امیج تبدیل کر دیا ہے۔ملک کو 20 سال تک عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث بہت بڑے اقتصادی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب یہ عمران خان کی قیادت میں ترقی پسند ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے قومی معیشت کی بحالی کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے پر عبدالرزاق داؤد کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقتصادی اشاریے بہتر ہورہے ہیں اور حکومت جلد ہی معاشرے کے غریب طبقات کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کرے گی۔

تازہ ترین