• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے کی خاتون مسافر نے ہنگامی حالت میں استعمال کادروازہ باتھ روم سمجھ کر کھول دیا، حادثے سے بال بال بچ گئیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پی آئی اے کی مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں خاتون مسافر نے مانچسٹر ایئرپورٹ پر کھڑے طیارے کا ہنگامی حالت میں استعمال کا دروازہ کھول دیا، خاتون حادثے سے بال بال بچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں خاتون مسافر نے مانچسٹر ایئرپورٹ پر کھڑے طیارے کا ہنگامی حالت میں استعمال کا دروازہ کھول دیا۔ہنگامی دروازے کے کھلتے ہی طیارے کا شوٹ کھول گیااور مسافر خاتون طیارے سے باہر گرنے سے بال بال بچ گئی۔ہنگامی دروازہ کھولنے والی خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہنگامی حالت میں استعمال کے دروازے کو باتھ روم کا دروازہ سمجھ کر کھول دیا،ہنگامی حالت میں استعمال کا دروازہ اگر دوران پرواز کھل جاتا تو تمام مسافروں کی زندگی خطرے میں پڑ جاتی۔ پی آئی اے کی انتظامیہ کی جانب سے کم کرایوں کے ساتھ پرواز آپریٹ کرنے کی پالیسی کی وجہ سے پی آئی اے کے متاثرہ طیارے بوئنگ 777طیارے پر 16کی بجائے کیبن کریوکا 10رکنی عملہ ڈیوٹی کر رہا تھااور خاتون مسافر کی رہنمائی کیلئے کوئی فضائی میزبان موجود نہیں تھا ۔ طیارے کا شوٹ کھلنے کی وجہ سے 37مسافروں کو پرواز سے آف لوڈ کرنا پڑا اور زیادہ گنجائش والے بوئنگ 777 طیارے میں صرف 21 مسافر پرواز کر سکے۔واقعہ کی وجہ سے پرواز سات گھنٹے تاخیر سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی۔ پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ بعد ازاں پی آئی اے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ جمعہ کی رات مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پروازPK702 کی مانچسٹر سے روانگی میں 7 گھنٹے کی تاخیر ہوگئی۔
تازہ ترین