• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سے پندرہ سو کلومیٹر دور مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کے شدید کم دباؤ کے باعث ایک سمندری طوفان یا سائیکلون بننے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں اسے ممکنہ طور پر پر سمندری طوفان وائیو (Vayu) کا نام دیا جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق کراچی سے پندرہ سو کلومیٹر دور مشرقی بحیرہ عرب میں اس وقت ہوا کا شدید کم دباؤ موجود ہے جو کہ اگلے 36 گھنٹوں یعنی منگل کی رات یا بدھ کی صبح تک سمندری طوفان یا سائیکلون میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

ڈائریکٹر میٹ آفس کراچی سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس وقت بحیرہ عرب میں کوئی سمندری طوفان موجود نہیں ہے لیکن اگلے 36 گھنٹوں میں وائیو نامی طوفان بننے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ممکنہ طوفان یا سائیکلون بظاہر بھارتی گجرات کے ساحلوں سے ٹکراتا ہوا نظر آرہا ہے۔

ان کا کہنا تھا تھا کہ محکمہ موسمیات اس پر پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور جیسے ہی یہ ہوا کا کم شدید دباؤ سائیکلون میں تبدیل ہوگا تمام متعلقہ اداروں اور عوام کو اس کے متعلق آگاہ کر دیا جائے گا۔

ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کے بحیرہ عرب میں مئی اور جون کے مہینوں میں سمندری طوفان بننے کے امکانات ہوتے ہیں جب کہ مون سون کے موسم کے بعد ستمبر اور اکتوبر کے مہینوں میں بھی سمندری طوفان بن سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اگرچہ ان دنوں سمندری طوفان بننے کی شرح کم ہوتی جارہی ہے لیکن اب جو بھی طوفان بنیں گے ان کی شدت اور تباہی پھیلانے کی صلاحیت ماضی کے مقابلے میں زیادہ ہوگی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ہے کہ اس وقت پاکستانی ساحلوں کو اس ممکنہ سمندری طوفان سے کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن اگر اس طوفان نے اپنا رُخ موڑا تو وہ اس کی بروقت اطلاع عوام اور حکام کو دے دیں گے۔

تازہ ترین