راچڈیل (ہارون مرزا)آصف زرداری کو گرفتار کرکے موجودہ حکومت نے اپنے تابوت میں آخری کیل ٹھونک لی ہے جبکہ حالیہ بجٹ نام نہاد جمہوری حکومت کا آخری بجٹ ثابت ہوگا، ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر محترمہ بینظیر بھٹو اور ان کے اہل خانہ نے جمہوریت کے لئے اپنی جانیں بھی پیش کر دیں مگر کسی آمر یا فوجی ڈکٹیٹر کے سامنے ہرگز نہیں جھکے‘ عمران خان تو ایک کرکٹ ٹیم کا سابق کپتان ہے، یہ تو پیپلز پارٹی کے ایک ہی بائونسر سے ناک آئوٹ ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیپلز پارٹی انتہائی منظم انداز سے اس قدر بھر پور احتجاج کرےگی کہ دنیا دیکھے گی، پاکستانی ہائی کمیشن کے علاوہ برطانیہ کے مختلف بڑے بڑے شہروں میں دھرنے دیئے جائیں گے اور احتجاج کیا جائے گا، انہوں نے کہا وہ برطانیہ میں آباد تارکین وطن کسی سیاسی جماعت کی وابستگی کے بغیر سب کو اس دھرنے میں شرکت کی دعوت دیں گے گرفتاری کی خبریں سن کر تمام تارکین وطن سکتے میں آ گئے ہیں احتجاج کا یہ دائرہ کار پورے برطانیہ اور یورپ میں پھیلا دیا جائےگا۔ آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیکنے والے سلیکٹڈ وزیر اعظم کو اب پتہ چلے گا کہ تارکین وطن کتنی طاقت کے مالک ہیں، آصف علی زرداری اور فریال تالپور پہلے بھی کسی کے آگے نہیں جھکے اور اب بھی وہ مرد آہن ثابت ہونگے، موجودہ سلیکٹڈ حکومت پاکستان کے تمام سیاستدانوں کو جیل میں بھی ڈال دے تو بھی ہر گھر سے بھٹو نکلے گا تم کتنے بھٹو مارو گے ‘ملک کو کرپشن سے پاک کرنے والے پی ٹی آئی کے موجودہ حکمران خود کرپشن کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں سبھی جانتے ہیں کہ یکطرفہ احتساب کیا جا رہا ہے ایسی خبروں سے معیشت پہلے ہی دم توڑ رہی ہے یہ ملک کیلئے کسی بھی صورت خوش آئند نہیں ۔