اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہےکہ کرپٹ لوگ اس وقت وزیراعظم کے دائیں بائیں بیٹھے ہیں اور جس چور نے پروٹیکشن حاصل کرنا ہے وہ پی ٹی آئی میں چلا جائے اسے نیب سمیت کوئی نہیں پوچھے گا۔ حمزہ شہباز پر ملک میں پیسے لانے کا الزام ہے ، منی لانڈرنگ ملک سے باہر لےجانے والے پیسے پر ہوتی ہے ،اسلام آباد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب نے حمزہ شہباز کو جتنے سوالنامے دیے وہ بھردیے، وہ ہر نیب کی پیشی پر شامل ہوئے، ایک دن کی بچی کا آپریشن چھوڑ کر آئے اور شامل تفتیش رہے، جب یہ کیس شروع ہوا تو نیب نے پریس کانفرنس کی اور بتایا کہ 87 ارب کی منی لانڈرنگ ہوئی ہے، پھر وہ 33 ارب کی ہوگئی اور آج بلآخر 18 کروڑ پر جا پہنچی ہے، یہ حقیقت ہے جو نیب کے حالات ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ حمزہ شہباز نے رقم گوشواروں میں ظاہر کی تھی اگر ٹیکس چوری کی بات کرنی ہے تو سب سے پہلے وزیراعظم کو ہتھکڑی لگائیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حمزہ شہباز پر 18 کروڑ ملک سے باہر جانے کا نہیں بلکہ ملک میں پیسے لانے کا الزام عائد ہے، منی لانڈرنگ ملک سے باہر جانے والے پیسے پر ہوتی ہے۔