• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناکام بجٹ سے توجہ ہٹانے کیلئے گرفتاریاں ہورہی ہیں‘فضل الرحمٰن

لاہور،ملتان(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ ناکام بجٹ سے توجہ ہٹانے کیلئے گرفتاریاں کی جارہی ہیں‘یہ بازومیرے آزمائے ہوئے ہیں‘اخترمینگل کوایک دھکا لگے گاتو وہ اپوزیشن میں ہوں گے ۔تفصیلات کے مطابق جے یو آئی (ف) کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس 19جون کو اسلام آباد میں طلب کرلیاگیا ہے‘اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، قومی بجٹ اور حکومت کے خلاف چلائی جانے والی تحریک کے حوالے سے اعلیٰ سطحی مشاورت ہوگی۔ اجلاس کی صدارات مولانا فضل الرحمان کریں گے۔ انہوں نے منگل کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ موجودہ حکمران اپوزیشن راہنماؤں کی گرفتاریوں سے حکومت مخالف تحریک کی روح کو قبضے میں لینے کی کوشش کررہے ہیں دریں اثناءجے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمنٰ نے کہاہے کہ لگتا ہے نیب نے حکومت کیخلاف تحریک شروع کرا دی ہے۔ گرفتاریاں سیاست کا حصہ ہوتی ہے۔ سیاست دان گرفتاریوں سے نہیں گھبراتے، یہ بازومیرے آزمائے ہوئے ہیں۔ متحدہ بانی کی گرفتاری کا مجھے علم نہیں۔ ججز ریفرنس پر ہماری نظر ہے، وکلا کمیونٹی کوسیاست دانوں کو بھی اعتماد میں لینا چاہیے۔دریں اثناء مولانا فضل الرحمٰن نے ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی ادارے حکومت کی پشت پناہی چھوڑ دیں،گرفتاریاں اپوزیشن کا کام آسان کر رہی ہیں،اختر مینگل کو ایک دھکا لگے گا تو وہ اپوزیشن میں ہوں گے جبکہ ملتان آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یوآئی(ف)مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ناکام بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لئے گرفتاریاں کی جارہی ہیں،عام حالات میں اس طرح کی گرما گرمی نہیں ہوتی۔اپوزیشن جماعتوں سے ملکر اس ماہ کے آخر میں مشترکہ پلان ترتیب دیں گے۔

تازہ ترین