امریکی خلائی ادارے ناسا نے تین کمرشل کمپنیوں سے چاند کے مشن ڈیزائن کرنے کے لیے معاہدہ کیا ہے ۔یہ مشن آرتیمس نامی پر وگرام کے تحت انسانوں کی چاند تک رسائی کے لیے استعمال کیا جائے گا ۔اس کے بعد 2024 ء تک ناسا کی جانب سے چاند پر خلا نورد بھیجے جائیں گے ۔رواں سال کے اختتام تک ناسا سائنسی سامان کی تفصیل فراہم کرے گا ،جس کے بعد تینوں کمپنیاں ناسا کے کمرشل لونر پے لوڈ سروسز (سی ایل پی ایس ) کے منصوبے کے تحت سائنسی سامان اور ٹیکنالوجی سے مزین آلات چاند پر پہنچائیں گی ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سائنسی سامان میں چاند کی سطح پر اشعاع (ریڈ ایشن ) کی پیمائش ،نئی لینڈنگ ٹیکنالوجیز کی آزمائش اور دیگر تجربات کے جدید آلات شامل ہوں گے ۔تینوں کمپنیاں سامان کی تیاری ،لانچنگ اور چاند پر اترنے تک کے تمام مراحل میں ناسا کی مد د کریں گی ۔تینوں کمپنیوں کو مختلف رقم بھی دی گئی ہے ۔اس پورے منصوبے کو آرتیمس پر وجیکٹ کانام دیا گیا ہے ۔اس کا مقصد 2028 ء تک چاند پر انسان کو طویل عر صے تک رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے ۔