دریائے سندھ میں راجن پور کے قریب گزشتہ روز کشتی الٹنے سے ڈوبنے والے 2 بچوں اور ایک لڑکی کی لاشیں نکال لی گئیں۔
مزید 2 افراد کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے، 4 افراد کو گزشتہ روز بچالیا گیا تھا۔
گزشتہ روز دریائے سندھ میں شاہوالی کے قریب مسافر کشتی الٹ گئی تھی جس میں سوار 9 افراد ڈوب گئے تھے۔
مقامی افراد نے 4 افراد کو زندہ نکال لیا تھا جبکہ 5 افراد لاپتہ تھے،جن کی تلاش کے لیے ریسکیو نے آپریشن آج دوبارہ شروع کیا۔
ریسکیو کے مطابق لاپتہ 5 افراد میں سے 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، باقی لاپتہ 2 بچوں کی تلاش جاری ہے، جن کی عمریں 3 سال سے 12 سال کے درمیان ہیں۔
ڈوبنے والوں کو بچانے کے لیے کیے جانے والے ریسکیو آپریشن میں ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے مختلف ادارے شامل ہیں۔