پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ معیشت بستر مرگ پر ہے اور سیاسی تماشا لگا ہوا ہے، جن سے لوگوں کو امید تھی وہ گیدڑ بھبھکیاں دینے میں مصروف ہیں، جھوٹوں کا یوم حساب آنے والا ہے۔
حمزہ شہباز نے اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں جمہوری سوچ نام کی کوئی چیز نہیں، وفاق کے بجٹ پر عوام غصے میں ہیں، ملکی معیشت تو ایک طرف، اب تو وہ ملکی سلامتی کی دعا مانگتے ہیں۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی کشتی بیچ سمندر ڈوب رہی ہے، عمران نیازی کے جھوٹ پِٹ چکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، حالیہ ملاقاتیں اب سیاست سے آگے کی بات ہے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ شہری پریشان ہیں، وہ بجلی اور گیس کے بل ادا کریں یا بیمار ماں کے لیے دوا خریدیں۔