ایواکاڈو کچھ دن پڑے رہیں تو بہت زیا دہ پک جانے کی وجہ سے انہیں کھانا مشکل ہوجاتاہے۔ اس کا آسان حل یہ ہے کہ انہیں فیشل ماسک میں استعمال کرکے اپنی خوبصورتی میں اضافہ کیا جائےاور قدر ت کی اس نعمت کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ ایواکاڈ و میں وٹامن ای، پوٹاشیم، لیسیتھن(Lecithin) اور دوسرے غذائی اجزا ہوتے ہیں، جو آپ کی جِلد کی نشوونما اور اس کی موئسچرائزنگ میں مدد کرتے ہیں۔ ایوا کاڈو جِلد پر ہونے والے ایگزیما ، ایکنی اور چنبل کی وجہ سے ہونے والی جلن میں بھی کمی لاتاہے اور جِلد کو پرسکون رکھتاہے۔
ایواکاڈو اور شہد کا فیس ماسک
ایواکاڈو میں اگر آپ شہد ملائیں گی تو قدرتی طور پر ا س ماسک میں اینٹی مائیکروبیل (جراثیم کش) اور اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات پیدا ہو جاتی ہیں۔ اس پیک سے خشک جِلد والی خواتین خصوصی فائدہ اٹھا سکتی ہیں، انھیں چاہیے کہ ہفتے میں ایک بار یہ ماسک لگائیں ۔اسے لگانے کے15منٹ بعد آپ اپنی جِلد کو دمکتا اور نمی سےبھرپور پائیں گی۔
اجزاء و ترکیب:
آدھا ایواکاڈو(بہت زیادہ پکا ہوا)، ایک ٹی اسپون لیمن جوس، ایک ٹیبل اسپون زیتون کا تیل، ایک ٹیبل اسپون جو، ایک ٹیبل اسپون شہداور ایک عدد انڈے کی سفیدی۔
ان تمام اجزاء کو ایک پیالے میں لے کر چمچ یا کانٹے سے اچھی طرح ملالیں۔ اس کے بعداسے 15منٹ چہرے پر لگا کر پانی سے اچھی طرح دھولیں۔
ایواکاڈو اور انڈے کی زردی کا ہیئر ماسک
یہ ہیئرماسک ان خواتین کیلئے بہت اچھا ہے، جن کے بال پتلے یا ٹوٹ پھوٹ کا شکا رہیں۔ ایواکاڈو اور انڈے کی زردی کےپیک میں موجود وٹامن ای، ڈی، ای اور بی 6، بالوںکی جڑ سے حفاظت کرنے اورانہیں گھنا کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ اس میں آپ لیونڈر آئل بھی شامل کرسکتی ہیں، جو سر کی جِلد یعنی اسکلپ کو قدرتی طورپر صحت مندرکھتے ہوئے خشکی اور خارش سے بچنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کی خوشبو بھی اچھی ہوتی ہے۔ اس ماسک کو استعمال کرنے کے بعد بالوں کو گرم پانی سے دھونے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ زردی کے چھوٹے چھوٹے ذرات نکل جائیں۔
اجزاء و ترکیب
نصف ایواکاڈ و (پکا ہوا)، ایک انڈے کی زردی اور لیونڈر آئل ( آپشنل)۔ ان تمام اجزا ءکو بلینڈ ر میں اس وقت تک بلینڈ کریں، جب تک سب مکمل طور پر مل نہ جائیں۔ پھر اسے بالوں پر لگا کر20منٹ تک انتظا رکریں۔ اس کے بعد بالوں کو شیمپو اور کنڈیشنر سے دھولیں۔ بالوں کو تولیے سے خشک کرنے کے بجائے قدرتی ہوا میں سُوکھنے دیں۔ اس ہیئر ماسک کے استعمال کے بعد آپ اپنے بالوں کو نرم، ملائم اور لہراتا ہوا پائیں گی۔
بلو بیری، ایواکاڈو ڈی ٹوکس اسموتھی
اگر آپ کو دمکتی ہوئی جِلد چاہئے تو یہ اسموتھی آپ کیلئے بہترین ثابت ہو سکتی ہے۔ بلوبیری اور ایواکاڈو اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور غذائیں ہیں، جو آپ کے جسم میں موجود زہریلے مواد کو باہر نکالنے کے ساتھ سوزش سے لڑتی ہیں۔ ان دونوں میں فائبر اور صحت بخش فیٹس ہوتے ہیں جبکہ ایواکاڈو آپ کی جِلد کو نمی سے بھرپور رکھنے میں مدد کرتاہے۔ یہ اسموتھی آپ کی جِلد کو جواں اور ترو تازہ رکھنے میں مدد کرتی ہے اور ورک آئوٹ کے بعد اس سے بہتر کوئی چیز نہیں۔
اجزاء و ترکیب:
ایک عدد پکا ہوا ایواکاڈو، نصف پکا ہوا کیلا، ایک کپ ناریل کا تیل، ایک کپ تازہ پالک، ایک کپ فروزن بلو بیریز اور نصف کپ تخم بالنگا۔ ان تمام اجزاء کو ایک بلینڈر میں اس وقت تک بلینڈ کریں جب تک وہ یکجان نہ ہو جائیں۔ اس اسموتھی سے دو افراد لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
ایواکاڈو کی چائے
اگر کھانا کھانے کے بعد آپ کو ہاضمے کی شکایت ہے تو ایواکاڈ و کے بیج اور اس سے بنی چائے آپ کیلئے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ اس میںجراثیموں کے خلا ف مزاحمت، سوزش کے خلاف کام کرنے کی صلاحیت اور اینٹی آکسیڈنٹ فوائد موجو د ہیں۔
اجزاء و ترکیب:
ایواکاڈو کے بیج اور گرم اُبلتا ہو ا پانی۔ ایواکاڈو کے بیج کو پیس لیں اور کھولتے ہوئے پانی میںڈال دیں۔ تین چار منٹ اُبلنے کے بعد چھان لیں اور پھر چائے کی طرح چسکیاں لیں۔