• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز ،بیلجئیم، لکسمبرگ اور یورپین یونین کیلئے سفیر پاکستان نغمانہ عالمگیر ہاشمی نے کہا ہے 25 جون کو پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر ہونے والے دستخط اس بات کا اظہار ہیں کہ پاکستان اور یورپ کے درمیان تعلقات اب ایک نئی سطح کو چھو رہے ہیں ۔

نغمانہ عالمگیر ہاشمی کا کہنا ہے کہا کہ پاکستان وہ پہلا ملک ہے جس کے ساتھ یورپ یہ معاہدہ کرنے جارہا ہے ۔ اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دونوں فریقوں کے درمیان سب سے پہلے تھرڈ جنریشن کاآپریشن ایگریمنٹ ہوا پھر اس کے بعد 5 سالہ انگیجمنٹ پلان تشکیل پایاہے، جس کے تحت پاکستان کو جی ایس پی پلس کی سہولت دی گئی ہے اور اب یہ سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان ہونے جارہا ہے ۔

پاکستان کی سفیرنے کہا کہ یہ تمام باتیں اس چیز کا اظہار ہیں کہ 28 ممالک کی یونین پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔ ان کے نزدیک پاکستان ایک اہم ملک ہے جس کے ساتھ وہ اپنے سیاسی، معاشی اور سماجی تعلقات میں اضافے کے خواہشمند ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 5 سالہ انگیجمنٹ پلان کے خاتمے کے بعد ہم بلکل اسی طرح کے ایک اور معاہدے کے خواہشمند نہیں تھے ۔ ہمیں اچھا محسوس نہیں ہوتا تھا اور اس سے ایسا تاثر ملتا تھا ، گویا ہم ایک واچ لسٹ میں ہیں جس کے ساتھ تعلقات کا فیصلہ حالات کو دیکھ کر کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے یہ مسلسل باور کرایا جاتا رہا کہ پاکستان 220 ملین لوگوں پر مشتمل ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے۔ہمارا جغرافیائی محل وقوع اہم ترین ہے جو مختلف تجارتی راہداریوں کے سنگم پر واقع ہے۔

نغمانہ عالمگیر کا کہنا ہے کہ ہم ایک واضح مستقبل رکھتے ہیں اور جدید دنیا کے ساتھ شانہ بشانہ چلنے کے قابل ہیں ۔ اُنہوں نے ماضی قریب کا ایک لمحہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ دوسری جانب یہ معاہدہ ان تمام ممالک کی کوششوں کا بھی مثبت اور مسکت جواب ہے جو پاکستان کو عالمی تنہائی میں دھکیلنے کے خواہشمند تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے ایک بڑے معاشی بلاک کی جانب سے پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کرنا پاکستان کی ایک بڑی فتح ہے ۔ اہم چیز پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کو شکست دینا بھی ہے ۔ یہ ایک ایسا عمل تھا جس کی نظیر نہیں ملتی۔ اس کیلئے پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں اور بہت بڑا جانی اور مالی نقصان اٹھایا ہے ۔

انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یورپ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات اب ٹائم بائونڈ نہیں رہے بلکہ وہ مستحکم بنیادوں پر قائم ہوچکے ہیں اور ایک نئی سطح کو چھو رہے ہیں ۔

سفیر ِ پاکستان نے مزید بتایا کہ برسلز کے اپنے اس 2روزہ دورے میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر دستخطوں کے علاوہ نیٹو سیکٹری جنرل اور ای یو کی ڈیفینس اینڈ سیکورٹی کمیٹی کے ارکان سے ملاقات میں انہیں خطے کے تازہ ترین حالات سے آگاہ کریں گے جبکہ یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس میں ہی سسٹین ایبل ٹورازم کے موضوع پر ایک تصویری نمائش کا افتتاح بھی کریں گے ۔

یاد رہے کہ نغمانہ عالمگیر ہاشمی کا تبادلہ برسلز سے چین ہو چکا ہے ۔ وہ اگلے ماہ چین میں اپنی ذمہ داریاں باقاعدہ طور پر سنبھال لیں گی۔

تازہ ترین