• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ادارہ برائے امراض قلب کا کراچی سے باہر گھوٹکی میں پہلا چیسٹ پین یونٹ قائم کردیا گیا ہے۔

قومی ادارہ برائے امراض قلب نے کراچی سے باہر اپنا پہلا چیسٹ پین یونٹ گھوٹکی میں قائم کر دیا ہے، چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح پیر کے روز ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی پروفیسر ندیم قمر نے کیا۔ اس موقع پر معروف کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر جاوید اکبر سیال اور این آئی سی وی ڈی سکھر کے انچارج ڈاکٹر محمد ہاشم بھی موجود تھے۔

گھوٹکی میںچیسٹ پین یونٹ کی افتتاحی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے ہوئے پروفیسر ندیم قمر نے کہا کہ سندھ کے ہر سول اور ڈسٹرکٹ اسپتال میں چیسٹ پین یونٹ قائم کرنے جا رہے ہیں، ان اسپتالوں میں پہلے سے قائم شدہ کارڈیالوجی یونٹس کا انتظام این آئی سی وی ڈی سنبھال لے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ سے درخواست کرتے ہیں کہ صوبے کے تمام اضلاع میں چیسٹ پین یونٹ قائم کرنے میں قومی ادارہ برائے امراض قلب کی معاونت کرے۔

اُن کا کہنا تھا کہ گھوٹکی میں عارضی طور پر چیسٹ پین یونٹ کنٹینر میں قائم کیا گیا ہے لیکن جلد ہی تعلقہ اسپتال گھوٹکی کے کارڈیالوجی یونٹ کو ٹیک اور کر لیں گے۔گھوٹکی کے چیسٹ پین یونٹ میں آنے والے دل کے مریض کی انجیو پلاسٹی این آئی سی وی ڈی سکھر میں ہوگی جس کے لیے گھوٹکی چیسٹ پین یونٹ کو ایک بہترین ایمبولینس کے ذریعے سکھر کے این آئی سی وی ڈی سے منسلک کر دیا گیا ہے۔

تعلقہ اسپتال گوٹکی میں قائم چیسٹ پین یونٹ اس علاقے کے دل کے مریضوں کی جان بچانے میں کردار ادا کرے گا۔

پروفیسر ندیم قمر نے مزید کہا کہ ان کے چیسٹ پین یونٹ پر آنے والا ہر مریض این آئی سی وی ڈی کی ذمہ داری ہوتاہے ہے، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا حکومت سندھ نے اس سال قومی ادارہ برائے امراض قلب کا بجٹ بڑھا دیا ہے، جس کے لیے حکومت سندھ کے شکرگزار ہیں، دل کے امراض سے بچاؤ کے پروگرام کو مزید فعال کرنے جا رہے ہیں۔

پاکستان کے نامور ترین ماہر امراض پروفیسر خاور کاظمی پریوینٹو کارڈیالوجی کے پروگرام کی سربراہی کر رہے ہیں۔

پاکستان میں 30سے 40 سال کے افراد دل کے دورے کے سبب روزانہ جاں بحق ہو رہے ہیں یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے خاندانوں کی کفالت کرتے ہیں ان کی موت کے نتیجے میں ان کے بچے پڑھائی سے محروم ہوجاتے ہیں، ہمارے چیسٹ پین یونٹس اور سیٹلائٹ سینٹرز کے قیام کے بعد ہزاروں لوگوں کی جانیں بچائی گئی ہیں۔

یہ پروگرام دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے، دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لئے میڈیا عوام میں شعور پیدا کرے۔

تعلقہ اسپتال گھوٹکی کے میڈیکل سپرانٹینڈنٹ ڈاکٹر فقیر حسین شاہ نے قومی ادارہ برائے امراض قلب کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا این آئی سی وی ڈی کو تعلقہ اسپتال کے کارڈیالوجی یونٹ کو سنبھال لینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف ایم ریڈیو پر این آئی سی وی ڈی کے ٹیسٹ پین یونٹ کے قیام کا سن کر ابھی سے لوگ یہاں آ رہے ہیں، این آئی سی وی ڈی کی انتظامیہ سے پورا تعاون کریں گے۔

انہوں نے درخواست کی کہ این آئی سی وی ڈی ان کے غیر فعال کارڈیالوجی یونٹ کو دل کے مکمل اسپتال میں تبدیل کر دے کیونکہ دل کے دورے میں مبتلا روزانہ 4سے 5مریض تعلقہ اسپتال گھوٹکی لائے جاتے ہیں تعلقہ اسپتال گھوٹکی میں انجیو پلاسٹی، انجیو گرافی اور بائی پاس سرجری کی سہولیات بھی ہونی چاہیے۔

تازہ ترین