ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی) نے رجسٹرڈ ملازمین کے لئے پنشن کے نئے اُصول اور گائیڈ لائن جاری کردی ہے۔
ادارے کے ڈائریکٹر جنرل آپریشن عقیل احمد صدیقی کے دستخط سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بورڈ آف ٹرسٹیز نے ای او بی آئی ایکٹ 1976کو مدنظر رکھتے ہوئے پنشنرز کے لیے نئی پالیسی اور گائیڈ لائن کی منظوری دی ہے۔
اس پالیسی کے تحت ادارہ رجسٹرڈ ملازمین کو جو سہولیات دے گا اس میں اولڈ ایج پنشن، لواحقین پنشن، اسٹیٹ پنشن، ان ویلیڈیٹی پنشن اور اولڈ ایج گرانٹ شامل ہیں۔
پنشن حاصل کرنے کیلئے عمر کی حد 60برس برائے مرد حضرات اور 55برس برائے خواتین مختص ہوگی۔
جو مرد حضرات کان کنی کے شعبے سے منسلک ہیں ان کی عمر حد 55برس مقرر کی گئی ہے مگر شرط یہ ہے کہ وہ اس شعبے سے پنشن حاصل کرنے کی عمر پر 10 برس سے منسلک ہوں۔
وہ ملازمین جوکہ 1986ء میں رجسٹرڈ ہوئے ہوں ان کی حد عمر برائے مرد 55برس اور خواتین کی 50برس ہے۔
اس حوالے سے انہی ملازمین کو پنشن ادا کی جائے گی جن کے آجروں نے 30 جون 2002ء تک ای او بی آئی میں رقوم جمع کروائی ہوں گی۔
ملازمین جنہوں نے 40برس کے بعد ای او بی آئی جوائن کیا ہے ان کے لیے علیحدہ اُصول ہوں گے۔
مرحوم ملازمین کے لواحقین کے لیے بھی اُصول ترتیب دیئے گئے ہیں۔
نئے پنشن کیسز سرکلر نمبر 3/2017کے مطابق ڈیل کیے جائیں گے۔