• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرفتار رانا ثناء سے رات گئے اہلیہ کی ملاقات

ہیروئن برآمد ہونے کے الزام میں گرفتار پنجاب کے سابق وزیرِ قانون رانا ثناء اللّٰہ سے رات گئے ان کی اہلیہ کی ملاقات کرائی گئی۔

اے این ایف آفس لاہور میں ملاقات کے بعد راناثناء اللّٰہ کی اہلیہ نبیلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر کو ذہنی ٹارچر کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی گاڑی میں بیگ ہونا تسلیم کریں، تاہم ان کے حوصلے بلند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ سے جب ملاقات ہوئی تو کمرے میں 7 پولیس اہلکار موجود تھے۔

رانا ثناء اللّٰہ کو آج ریمانڈ کے لیے اینٹی نارکوٹکس کورٹ میں پیش کیا جائے گا، اس سلسلے میں لاہور کی ضلع کچہری میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے اے این ایف نے رانا ثناء اللّٰہ کو گزشتہ روز حراست میں لیا تھا، رہنما نون لیگ کی گاڑی سے 15 کلو ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج

ادھر فیصل آباد میں رانا ثناء اللّٰہ کی گرفتاری پر احتجاج کرنے والے نون لیگ کے کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ 24 نامزد کارکنوں سمیت 70 افراد کے خلاف تھانہ ڈی ٹائپ کالونی میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں سڑک بلاک کرنے سمیت 5 دفعات شامل کی گئی ہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ کی گرفتاری کے بعد کارکن رانا ثناء کے ڈیرے پر جمع ہو گئے تھے جنہوں نے سمندری روڈ پر ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کر کے احتجاج کیا۔

اس دوران پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا، مزاحمت پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔

پولیس نے گزشتہ روز احتجاج کرنے پر رانا ثناء اللّٰہ کے ڈیرے کے باہر سے 24 افراد کو حراست میں لیا تھا، اب پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ضلع کچہری پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات

ہیروئن برآمد ہونے کے الزام میں گرفتار نون لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کوآج اینٹی نارکوٹکس عدالت لاہور میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا، اس حوالے سے سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔

ایس پی سیکیورٹی فیصل شہزاد کے مطابق پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کے 400 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، اینٹی رائٹ فورس مکمل تیاری سے تعینات ہو گی، نیز مقامی پولیس بھی موجود ہوگی، جبکہ ضلع کچہری کے باہر واٹر کینن بھی موجود ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ سادہ لباس میں پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی دیں گے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایس پی سیکیورٹی نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سیکیورٹی پلان میں رد و بدل اے این ایف کی مشاورت سے کیا جا سکتا ہے، کچہری جانے والے راستے عارضی طور پر بند کر دیئے گئے ہیں، شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے وارڈنز تعینات ہوں گے۔

واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللّٰہ کو پیر کی دوپہر فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس فورس نے موٹر وے پر سکھیکی کے مقام پر حراست میں لے لیا تھا اور ان کی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 15 کلو گرام ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ کی گاڑی سے مبینہ طورپر برآمد ہیروئن کی مالیت 15 کروڑ روپے ہے۔

یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ ہیروئن اسمگلنگ میں ملوث یہ نیٹ ورک پوری دنیا میں منشیات اسمگل کرتا ہے۔

رانا ثناء کے 5 ساتھی بھی گرفتار ہوئے

اے این ایف کے مطابق چھاپے میں رانا ثناء اللّٰہ کے 5 ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں محمد اکرم، سبطین حیدر، عثمان احمد، عامر رستم اور عمر فاروق شامل ہیں، ان گرفتار افراد کا تعلق بھی فیصل آباد سے ہے۔

رانا ثناء کو آزاد ادارے نے گرفتار کیا: فردوس عاشق

رانا ثناء اللّٰہ کی گرفتاری کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ گرفتاری آزاد ادارے نے کی ہے، حکومت کا اس میں کوئی ہاتھ نہیں، نو ن لیگ کو جو مؤقف پیش کرنا ہے، عدالت میں کرے۔

وزیر مملکت برائے انسدادِ منشیات شہریار آفریدی نے اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے۔

اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر گرفتاری سے لاعلم؟

قومی اسمبلی قواعد کے مطابق کسی بھی رکن کی گرفتاری کی صورت میں اسپیکر کو آگاہ کرنا ضروری ہوتا ہے تاہم اسپیکر اسد قیصر ماسکو اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری سعودی عرب میں ہیں۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ حکام کے مطابق وہ رانا ثناء اللّٰہ کی گرفتاری کی باضابطہ اطلاع کے منتظر ہیں۔

نون لیگ کا اجلاس طلب

ادھر نون لیگ پنجاب کے صدر کی گرفتاری پر پارٹی کا اجلاس آج لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے۔

مسلم لیگ نون کے مطابق رانا ثناء اللّٰہ کو لاہور میں پارٹی اجلاس میں شرکت کے لیے جا تے ہوئے گرفتار کیا گیا۔

اداروں کے استعمال کی گھناؤنی مثال قائم ہوئی: شہباز شریف

نون لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر اداروں کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے کی گھناؤنی مثال قائم کی گئی۔

جعلی اعظم چھوٹا ذہن رکھنے والی شخصیت ہیں: مریم نواز

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے بھی رانا ثناء اللّٰہ کی گرفتاری کا الزام براہِ راست وزیر اعظم عمران خان پر لگایا ہے، انہوں نے کہا ہےکہ اس سے زیادہ بے ہودہ صورت حال نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ کو جرأت مندانہ مؤقف کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے، جعلی اعظم چھوٹا ذہن رکھنے والی شخصیت ہیں۔

گرفتاری سیاسی انتقام کی مایوس کن کوشش ہے: بلاول

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گرفتاری کو سیاسی انتقام کی مایوس کن کوشش قرار دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ حکومت کے سخت ترین ناقدین میں مؤثر ترین آواز ہیں، ان کی گرفتاری حکومت کی کمزوریوں اور مایوسی کو ظاہر کرتی ہے۔

رانا ثناء نے گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا تھا: شاہد خاقان

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ نے بتایا تھا کہ انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں، خود رانا ثناء اللّٰہ بھی اپنی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کر چکے تھے۔

عمران کے اندر انتقام کی آگ ہے: فضل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ عمران خان کے اندر سیاسی انتقام کی آگ بھری ہوئی ہے، جس پر کرپشن کا الزام ثابت نہ ہو اسے کسی دوسرے جعلی مقدمے میں پکڑ لیا جاتا ہے۔

تازہ ترین