اسلام آباد( طاہر خلیل) نیب ایگزیکٹو بورڈ نے آصف زرداری کیخلاف دوسرا ریفرنس دائر کرنیکی منظوری جبکہ پارک لین پرائیوٹ لمیٹیڈ کمپنی کیس میں بلاول بھٹو کیخلاف تحقیقات ختم کر دی ہیں، کرپشن کے الزامات میں چار نئے ریفرنسز دائر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ، 8انویسٹی گیشنز ، 6 انکوائریوں کی منظوری دی گئی جبکہ کئی انکوائریاں بند کر دی گئیں، ڈی جی ہیلتھ ،ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، سابق وزیراعلیٰ اکرم درانی،ایم این اے احمد حسین ، چیف سیکرٹری سندھ، ایم پی اے غضنفر عباس، ایم پی اے اعظم درانی سمیت متعدد سرکاری عہدیداروں کیخلاف کارروائی کی منظوری دی گئی ،میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کیخلاف ایک ریفرنس پہلے ہی زیر سماعت ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے پارک لین پرائیوٹ لمیٹیڈ کمپنی کیس میں بلاول بھٹو کیخلاف تحقیقات ختم کر دی ہے اور اب بلاول زرداری کیخلاف ریفرنس دائر نہیں ہو گا، پارک لین پرائیوٹ کمپنی کیس میں آصف زرداری کے ساتھ بلاول بھٹو کا نام بھی تھا۔نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں ہوا جس میں ڈپٹی چئیرمین نیب ، پراسیکیوٹر جنرل اکائو نٹیبلٹی ،ڈی جی آپریشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی، اعلامیے کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کی تفصیلات عوام کو فراہم کرنیکا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں ہے ، تمام انکوائریاں اورانویسٹی گیشنز مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جو حتمی نہیں،نیب قانون کے مطابق تمام متعلقہ افراد سے ان کا موقف معلوم کر نے کے بعد مزید کاروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔