امریکی جریدے فوربز نے 2017ء میں ’ہیری پوٹر‘ سیریز کی مصنفہ جے کے رؤلنگ کو دنیا کی مہنگی ترین ناول نویس قرار دیا تھا۔ جے کے رؤلنگ کے ’ہیری پوٹر‘ سیریز کے ناولز کی دنیا بھر میں کم از کم 500ملین (پچاس کروڑ) کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں، جن سے آمدنی کا تخمینہ 7.7ارب ڈالر لگایا گیا ہے جبکہ ’ہیری پوٹر‘ سیریز کی فلموں نے بھی دنیا بھر میں 7.7ارب ڈالر سے زائد کمائی کی ہے۔
ہرچندکہ جے کے رؤلنگ اپنے اثاثہ جات کی مالیت کے حوالے سے بات کرنا پسند نہیں کرتیں، لیکن ایک امریکی اخبار نے 2016ء میں انھیں 1.2ارب ڈالر کے خالص اثاثہ جات کی مالک قرار دیا تھا۔
ہیری پوٹر سیریزکی کتابیں
جے کے رؤلنگ کی ’ہیری پوٹر‘ سیریز کی پہلی کتاب ’ہیری پوٹر اینڈ دی فلاسفرز اسٹون‘ 1997ء میں شائع ہوئی تھی جبکہ سیریز کی ساتویں اور آخری کتاب ’ہیری پوٹر اینڈ دی ڈیتھلی ہالوز‘ جولائی 2007ء میں شائع ہوئی۔ آخری کتاب نے فروخت کے حوالے سے سیریز کی گزشتہ تمام کتابوں کے ریکارڈز توڑ ڈالے اور شائع ہونے کے پہلے 24گھنٹوں میں کسی بھی ناول کی سب سے زیادہ کاپیاں فروخت ہونے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ پہلے 24گھنٹوں کے دوران کتاب کی امریکا میں 8.3ملین کاپیاں اور برطانیہ میں 2.65ملین کاپیاں فروخت ہوئیں۔ کتاب کو ناقدین کی طرف سے بھی پذیرائی ملی اور اس نے2008ء کا ’کولوراڈو بلیو اسپروس بُک ایوارڈ‘ حاصل کیا جبکہ امریکن لائبریری ایسوسی ایشن نے اسے ’نوجوانوں کے لیے بہترین کتاب‘ قرار دیا۔
جے کے رؤلنگ کے حقوق
امریکی اخبار کے مطابق، ہیری پوٹر سیریز کے ناولوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کا تخمینہ 7.7ارب ڈالر ہے۔ اگر فرض کرلیں کہ جے کے رؤلنگ نے سیریز کی کتابوں کی فروخت سے کم از کم عمومی 15فی صد رائلٹی بھی حاصل کی ہو تو مصنفہ نے رائلٹی کی مد میں کم از کم 1.15ارب ڈالر حاصل کیے ہونگے۔ اس میں ناول پر بننے والی فلموں کی آمدنی شامل نہیں ہے۔ سیریز کی فلموں نے بھی عالمی باکس آفس پر 7.7ارب ڈالر سے زائد کا بزنس کیا۔ اگر فلموں کی آمدنی سے مصنفہ نے کم از کم 10فی صد حصہ بھی حاصل کیا ہو تو یہ رقم 770ملین ڈالر بنتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ، فوربز ’ہیری پوٹر‘ سیریز کے ختم ہونے کے 10سال بعد یعنی سال 2017ء کو جے کے رؤلنگ کیلئے بہترین سال قرار دے چکا ہے۔2017ء میں رؤلنگ نے 95ملین ڈالر کمائے، اس طرح اس سال انھوں نے مہنگی ترین ناول نگار اور تیسری مہنگی ترین سیلیبرٹی کا اعزاز اپنے نام کیا۔ 2018ء میں انھوں نے مزید 54ملین ڈالر کمائے۔ یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ جے کے رؤلنگ کا بہترین وقت ابھی ختم نہیں ہوا۔
آمدنی کے دیگر ذرائع
ہیری پوٹر سیریز کے ناولز اور فلموں کے بعد جے کے رؤلنگ نے ’فنٹاسٹک بِیسٹس‘ سیریز کی دو فلموں کے اسکرپٹ لکھے ہیں، جوکہ ہیری پوٹر سیریز کے پری کوئلز (Prequels)ہیں۔ ہرچندکہ یہ فلمیں ہیری پوٹر کے مقابلے میں کم کمائی کرسکیں، تاہم سیریز کی دوسری فلم نے 814ملین ڈالر کا متاثرکن کاروبار کیا۔ فوربز کے مطابق، جے کے رؤلنگ نے اس سیریز سے 10ملین ڈالر حاصل کیے۔
مزید برآں، جے کے رؤلنگ کے لیے ہیری پوٹر کی دنیا ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی۔ ہیری پوٹر کی تھیم پر اورلینڈو، لاس اینجلس اور جاپان میں یونیورسل پارکس اور یزورٹس قائم کیے گئے ہیں، جن کے لیے انھیں کروڑوں ڈالرز میں ادائیگی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، جے کے رؤلنگ نے نئے فرضی نام رابرٹ گالبریتھ سے کتابوں کی نئی سیریز شائع کی ہے۔ ’کارمورن اسٹرائیک‘ سیریز کی پہلی تین کتابوں کی 1.2ملین کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں، جن سے آمدنی کا تخمینہ 9.9ملین ڈالر ہے۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر انٹری
اپریل 2012ء میں جے کے رؤلنگ نے ’پوٹرمور‘ کے نام سے ویب سائٹ لانچ کی۔ 2016ء میں پوٹر مور نے، متعدد شراکتوں جیسے ای کتابوں اور آڈیو کتابوں کی فروخت کے ذریعے 19ملین ڈالر کی آمدنی حاصل کی۔
کٹھن سفر
ایک انٹرویو میں جے کے رؤلنگ کا کہنا تھا کہ بطور سِنگل مدر ان کے لیے زندگی گزارنا آسان نہ تھا۔ کئی برسوں تک برطانوی حکومت کی امداد ان کی آمدنی کا واحد ذریعہ تھی، اس دوران وہ بمشکل بے گھرہونے سے محفوظ رہیں۔ کامیابی حاصل کرنے کے بعد، اب وہ برطانیہ میں 45فیصد کا ٹاپ ٹیکس ریٹ ادا کرکے پرسکون محسوس کرتی ہیں۔ ’’میں سماجی بہبود کی ریاست برطانیہ کی مقروض ہوں کہ جب میں بالکل پستی میں زندگی گزارنے پر مجبور تھی، ریاست کے ’سیفٹی نیٹ‘ نے مجھے زندگی سے ناطہ توڑنے سے محفوظ رکھا‘‘۔
خیراتی کام
جے کے رؤلنگ خیراتی کاموں میں ابھی تک 150ملین ڈالر سے زائد دے چکی ہیں۔ انھوں نے ایڈنبرا یونیورسٹی میں اپنی ماں کے نام پر بننے والے ’اینی رؤلنگ ری جنریٹیو نیورولوجی کلینک‘ کے قیام کے لیے 16ملین ڈالر کا عطیہ دیا۔ انھوں نے ’لومو فاؤنڈیشن‘ کے نام سے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم کی بنیاد بھی رکھی ہے جبکہ اسکاٹ لینڈ میں سماجی محرومیوں کے خاتمے کے لیے ’وولانٹ چیریٹیبل ٹرسٹ‘ قائم کیا ہے۔
مستقبل کے منصوبے
جے کے رؤلنگ کی تحریر کردہ ’فنٹاسٹک بِیسٹس‘ سیریز کی تیسری فلم کو 2020ء میں ریلیز کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ مصنفہ کے مطابق، مزید کچھ انتہائی پُرکشش پروجیکٹس بھی منصوبہ بندی کے مراحل میں ہیں۔ ان پروجیکٹس کے پیشِ نظر، ایک بات یقینی ہے کہ جے کے رؤلنگ کا دور ابھی ختم نہیں ہوا، وہ اپنے کیریئر کے اگلے مرحلے میں داخل ہونے کے لیے پرتول رہی ہیں، جہاں کئی دلچسپ چیزیں ان کی منتظر ہیں۔