آنکھیں خدا کی نعمت ہیں، ان کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اگر ہم ایسا نہیں کریں گے تو وقت کے ساتھ ساتھ ان کی چمک ماند پڑنے لگے گی اور آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے یا جُھریاں نمودار ہونا شروع ہوجائیں گی۔ سرخ اور سُوجی ہوئی آنکھوں کے ساتھ گہرے سیاہ حلقے آپ کو بیمار اور جُھریاں عمررسیدہ دکھاتی ہیں۔ اس صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ آنکھوں کا بھی ایسے ہی خیال رکھا جائے، جیسے چہرے کے دیگر حصوں کا رکھا جاتا ہے۔ آنکھوں کی خوبصورتی اور دلکشی بڑھانے کے بے شمار طریقے ہیں، مثال کے طور پرمناسب نیند، صحت بخش غذا اور سورج کی الٹراوائلٹ شعاعوں سے حفاظت۔ ان طریقوں پر عمل کرکے آنکھوں کی دلکشی اور خوبصورتی برقرا رکھی جاسکتی ہے۔ تا ہم ایک طریقہ ایسا بھی ہے جسے روزمرہ معمولات کا حصہ بنا کر آنکھوں کی جِلد کو عمر اور مضر اثرات سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے اور وہ ہے رات کے اوقات میں ’آئی کریم‘ لگانا۔ تاہم آپ کے لیے سب سے پہلے آئی کریم کے فوائد کا جاننا بے حد ضروری ہے۔
آنکھوں کے نیچے جھریوں سے نجات
چہرے پر پڑنے والی جھریاں خوبصورتی میں کمی لانے کے علاوہ عمر میں اضافے کی طرف بھی اشارہ کرتی ہیں۔ آنکھوں کے نیچے والی جِلد جسم کا وہ حساس حصہ ہے، جو سب سے پہلے جھریوں اور لکیروں سے متاثر ہوتا ہے۔ اگر آپ غور کریں تو محسوس ہوگا کہ جب آپ زیادہ پُرجوش ہوںیا مسکرا رہی ہوںتو آنکھوں کے اردگرد لائنیں سی پڑجاتی ہیں۔ یہ لائنیں کچھ عرصے میں جھریوں کی صورت اختیار کرلیتی ہیں اور ان لائنوں کے پڑنے کی عمومی وجہ آنکھوں کا بھینگا پن، خشکی، سورج کی مضر شعاعیں حتیٰ کہ نیند کی کمی بھی ہوسکتی ہے۔ ایک اچھی اور معیاری آئی کریم ہی ان جھریوں اور آنکھوں کے نیچےپڑنے والی لائنوں کو کم کرسکتی ہے اور اس کے استعمال کے بعد آپ بنا کسی پریشانی کے اپنی مرضی سے ہنس یا مسکراسکتی ہیں۔
آنکھوں کی سوجن سے نجات
غیرمتوازن غذا، نامناسب نیند، کم ایکسرسائز یا پھر بڑھتی عمر آنکھوں میں سوجن کا باعث بن سکتی ہے۔ آنکھوں کی پتلی کے نیچے فاسد مادوں کے جمع ہونے سے سوجن ہوجاتی ہے، جس کی وجہ سے آنکھوں کی دلکشی ختم ہونے لگتی ہے۔ اعلیٰ معیار کی آئی کریم میں یہ خاصیت ہوتی ہے کہ وہ آنکھوں کے اردگرد ان فاسد مادوں کو اکھٹا ہونے سے روکنے کے ساتھ ساتھ سوجن ختم کرنے کا سبب بھی بنتی ہے۔
گہرے سیاہ حلقوں سے نجات
عام طور پر گہرے سیاہ حلقے موروثی یا نیند کی کمی سے ہوتے ہیں۔ ان حلقوں کی ایک اور وجہ سیال مادوں کا آنکھوں کے نچلے حصے میں جمع ہونا بھی ہے۔ معیاری آئی کریم کا باقاعدگی سے استعمال آپ کی آنکھوں کے حساس حصوں کو نمی پہنچانے اور ہمیشہ جوان رکھنے میں مددگار ہوسکتاہے۔
آئی کریم کا انتخاب
عام طور پر خواتین کا خیال ہے کہ آئی کریم کے استعمال کا فائدہ آنکھوں کو نمی پہنچانے کے علاوہ اور کچھ نہیںہے۔ تاہم حقیقت اس سے مختلف ہے، آئی کریم آنکھوں کے ارد گرد کے نازک حصوں کے تمام مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ آئی کریم کے انتخاب کے دوران اس بات کا خیال رکھیں کہ اس کی تیاری میںکیفین، وٹامن سی، وٹامن اے، پیپٹائیڈ،سیلیکون، ہیالیورونک ایسڈ اور اینٹی آکسیڈنٹ جیسے اجزا شامل ہوں۔ اگر آپ کی آئی کریم میں یہ تمام اجزا شامل ہیں تو پھر وہ سیاہ حلقوں کو کم کرنے، آنکھوں کی جِلد کو نمی پہنچانے اوربڑھتی عمر کے اثرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
آئی کریم کیسے لگائی جائے؟
عام طور پر خواتین آئی کریم لگانے میں بھی غلطی کرتی ہیں۔ بہتر طریقہ یہ ہے کہ کریم کی تھوڑی سی مقدار انگلی پر نکالیں اور نقطوں کی صورت میں پہلے آنکھوں کے نچلے حصے میں اور پھر پلکوں کے اوپر اپلائی کریں، اس دوران آنکھوں کے ان حصوں کو رگڑنے سے گریز کریں۔ اسی طرح آئی کریم کی بہت زیادہ مقدار لگانے سے بھی گریز کریں۔ اس کے ساتھ درج ذیل ٹپس بھی آپ کے لیے مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔
٭ آئی کریم لگانے کے بعد اسے فریج میں رکھیں۔ فریج میں رکھی ہوئی آئی کریم آنکھوں کی سوجن اورتھکاوٹ کم کرنے میں روم ٹمپریچر پر رکھی گئی آئی کریم سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔
٭ آپ آئی کریم کو کنسیلر کے طور پر بھی استعمال کرسکتی ہیں۔ میک اَپ سے پہلے آئی کریم کا استعمال جھریوں کو چھپانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
٭چونکہ آنکھیں حساس ہوتی ہیں، لہٰذا آئی کریم کی خریداری کے دوران اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ وہ خوشبو سے خالی ہو ۔