پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی تیزی سے اُبھرتی ہوئی اداکارہ اقراء عزیز نے معروف اداکار و میزبان یاسر حسین کی شادی کی پیشکش قبول کرلی۔
گزشتہ روز کراچی ایکسپو سینٹر میں لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نےشرکت کی اور تقریب میں اپنے حسن کے جلوے بکھیرےاور صرف یہی نہیں بلکہ اسی دوران اداکار و میزبان یاسر حسین نے بھی ہر دل عزیز اداکارہ اقراء عزیز کو شادی کی پیشکش کردی جسے اُنہوں نےفوراً قبول کرلیا۔
دوران تقریب یاسر حسین سینئر اداکار ندیم بیگ سے ملنے آئے جن کے برابر میں اقراء عزیز بیٹھی تھیں، اُن کو دیکھ کرکہنے لگے کہ ’اتنا اُلجھن کا شکار تومیں کبھی رزلٹ کے وقت بھی نہیں ہوا جتنا اس وقت ہورہا ہوں ‘
لکس اسٹائل ایوارڈز میں اداکارہ 2ایوارز جیتنے میں کامیاب رہیں ،جس کایاسر حسین نے تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آج جب اقراء کو دو ایوارڈز ملے تو میں نے سوچا کہ یہ ہی اچھا موقع ہے تیسرا ایوارڈ بھی انہیں دے دینا چاہئے‘۔
جس کے بعد یاسر حسین زمین پر بیٹھے اور اقراء سے پوچھا کہ کیا تم مجھ سے شادی کرو گی؟ اداکارہ کے جواب کا انتظار کئے بغیر انہوں نے کہا کہ ’ہاں کردو، ورنہ بہت بےعزتی ہوجائے گی۔‘ جس کے بعد اقراء عزیز نے فوراً ہاتھ آگے بڑھا کر اُن سے انگوٹھی پہن لی۔
پروپوز کرتے وقت اقراء عزیز کے چہرے کے تاثرات ایسے تھے جیسے انہیں کچھ بھی معلوم نہ ہو اور یاسر حسین انہیں سرپرائز دے رہے ہوں جبکہ اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر پہلے ہی مداحوں کو بتادیا تھا کہ آج وہ کوئی سرپرائز دینے والے ہیں۔
یاسر حسین نے لکس اسٹائل ایوارڈ کے فوٹو سیشن کے دوران لی گئی اپنی اور اقراء کی تصویر لگائی اور لکھا کہ ’میں خوش قسمت ہوں ۔‘
اپنی دوسری پوسٹ میں اداکار نے کیپشن میں لکھا کہ ’سرپرسائز آنے والا ہے ‘
دوسری جانب اقراء عزیز نے لکس ایوارڈ میں زیب تن کئے لباس کی تصویر اپلوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرا آج کا لباس ہمارے لئے بول رہا ہے ، یاسر حسین آپ میرے ہیں۔‘
دونوں کی ان پوسٹ سے لگتا تو نہیں کہ یہ یاسر حسین کا ایک اچانک کیا جانے والا فیصلہ تھا۔
سوشل میڈیا پر یاسر حسین کی اقراء عزیز کو پروپوز کرتے وقت کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے ۔مداحوں کی جانب سے جہاں انہیں مبارک باد دی جارہی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے وہیں کچھ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سےاس طرح کھلے عام پیار کے اظہار پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
یاسر حسین اور اقراء عزیز کے درمیان گزشتہ برس سے قریبی تعلقات تھے جس کا اعتراف دونوں کئی مرتبہ سوشل میڈیا سمیت دیگر انٹرویوز میں بھی کرچکے ہیں۔
دونوں تقریبات میں ساتھ ساتھ دکھائی دیتے ہیں اورگزشتہ دنوں گرمیوں کی چھٹیاں انجوائے کرنے کے لیے ایک ساتھ تھائی لینڈ کی سیر پر بھی گئے تھے۔