• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر ترین اداکارہ ذہین طاہرہ انتقال کر گئیں

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر ترین اداکارہ ذہین طاہرہ کراچی میں 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔


خاندانی ذرائع نے ذہین طاہرہ کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے، وہ گزشتہ 2 ہفتے سے اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔

گزشتہ ماہ دل کا دورہ پڑنے کے بعد اداکارہ ذہین طاہرہ کو کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زیرِ علاج تھیں۔

طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث وہ وینٹی لیٹر پر بھی رہیں، گزشتہ رات ان کی طبیعت انتہائی خراب ہو گئی جو سنبھل نہ سکی اور وہ اس جہانِ فانی سے رخصت ہو گئیں۔

ذہین طاہرہ نے دہائیوں تک ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور وہ سینئر ترین اور بزرگ اداکارہ قرار دی جاتی ہیں۔

ذہین طاہرہ 1949ء میں بھارتی شہر لکھنؤ میں پیدا ہوئیں، مرحومہ 45 برس ٹیلی ویژن سے منسلک رہیں، انہوں نے ریڈیو، اسٹیج اور ٹی وی کے علاوہ کئی فلموں میں بھی کام کیا، مرحومہ نے 700 سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں اداکار قوی خان اور بہروز سبزواری نے اداکارہ ذہین طاہرہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بہروز سبزواری نے بتایا کہ مرحومہ کی صاحبزادی کینسر کی مریضہ ہیں، ذہین طاہرہ ڈراموں میں کام کر کے ملنے والے معاوضے سے اپنی بیٹی کا علاج کراتی تھیں۔

تازہ ترین